اسلام آباد ، 10 جنوری (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو آگے لے کر جائیں گے، عمران جان پاکستان کی معیشت سمیت سیاست کو ٹھیک کریں گے۔
اتوار کو یہاں فریڈم ہاؤس میں استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ احتساب کے نام پر لوگوں نے تحریک انصاف کو ووٹ دیا ہے ،چوروں ڈاکوؤں سے مفاہمت کی بجائے قانون کی نذر کرے گا جبکہ پی ڈی ایم کی تحریک دم توڑ رہی ہے ۔
شیخ رشید نے کہا کہ پہلے ہی کہا تھا یہ نا استعفیٰ دیں گے نا الیکشن کا بائیکاٹ کریں گے ۔ مسلم لیگ نون کو اس حال تک پہنچانے میں مریم کا ہاتھ ہے ، مریم سیاسی دور اندیشی سے کام لیتی تو یہ حالات نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا پنجاب میں عمل دخل نہیں ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپوزیشن مچھ دھرنے کو غلط استعمال کررہی تھی جبکہ ہزارہ قبیلے نے دوراندیشی کا ثبوت دیا اور ملک کو مسئلوں سے بچایا ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج دنیا کی عظیم فوج ہے، پاک فوج پاکستان اور اسلام کے لیےقربانیاں دے رہی ہے ، سارا پاکستان پاک فوج کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ساری سازشیں ناکام ہوں گی، پاکستان آگے جائے گا ۔











