پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر کے خطاب کو اہمیت حاصل ہوتی ہے،   سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سینیٹر ولید اقبال کا ایوان بالا میں اظہار خیال

104

اسلام آباد،29جنوری  (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سینیٹر ولید اقبال نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت کا خطاب انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، صدر مملکت نے اپنے خطاب میں جن حکومتی اقدامات کا ذکر کیا، وہ ملکی معاملات کو بہتر بنانے کے لئے بہت اہم ہیں، جمہوریت بڑی نعمت ہے، جب یہ جمہوریت نہیں ہوتی تو تب پتہ چلتا ہے کہ کتنی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ الزام درست نہیں کہ تحریک انصاف کی حکومت نے سب سے زیادہ آرڈیننس جاری کئے ہیں۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر کے خطاب پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کے تعاون سے کورونا وباکی صورتحال پر قابو پایا ہے، ملک میں امن اور دیگر قدرتی آفات کے دوران بھرپور کردار ادا کرنے پر سکیورٹی اداروں اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1993ءسے 1996ءکے دوران پیپلز پارٹی کی حکومت کے دور میں 357 آرڈیننس جاری کئے گئے اور رضا ربانی نے ابھی تک اس کا جواب نہیں دیا۔ سینیٹر جاوید عباسی نے تحریک انصاف پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے سب سے زیادہ آرڈیننس جاری کئے ہیں۔ یہ الزام قطعاً درست نہیں ہے، پچھلی 16 جمہوری حکومتوں نے 33 سال میں سالانہ اوسطاً 29 آرڈیننس جاری کئے جن کی کل تعداد 954 بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن ارکان طعنے دیں گے تو انہیں طعنے سننے کا حوصلہ بھی ہونا چاہئے۔ جمہوریت کا حسن بھی یہی ہے کہ آج ہم پارلیمنٹ میں اہم امور پر بحث میں حصہ لے رہے ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ملک کو مسائل سے نکال کر عوام کو ریلیف دیا جائے۔