کرک؛قومی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین چیلا رام کیلوانی کی   وفد کے  ہمراہ ٹیری آمد، متاثرہ سمادی کا دورہ کیا

98

کرک،6جنوری  (اے پی پی):قومی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین چیلا رام کیلوانی  اور کمیشن کی رکن ڈاکٹر سارہ صفدر نے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ عامر احمد کے ہمراہ کرک کے علاقے ٹیری کا دورہ کیا جہاں چند دن پہلے شر پسند عناصر کی جانب سے ہندو سمادھی مسمار کرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا۔ کمیشن کے چیئرمین نے وفد کے ہمراہ متاثرہ جگہ کا دورہ کیا اور مقامی آبادی اور  انتظامیہ سے ملاقات کی۔

 اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے پاکستان کے بقائے باہمی اور امن پسندی کے تشخص کو نقصان پہنچا ہے، پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں اور ان کی املاک کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے، قومی اقلیتی کمیشن واقعہ کی اصل وجوہات کا جائزہ لینے آیا ہے، ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے عنقریب ایک جامع پالیسی لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ  واقعہ کے پس منظر حقائق پر مبنی رپورٹ جلد از جلد مرتب کر کے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو پیش کی جائے گی، سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق یہ مندر نئے سرے سے تعمیر ہو گا، سپریم کورٹ آف پاکستان کے فوری نوٹس لینے پر شکرگزار ہیں۔

 چیلا رام کیلوانی نے مزید کہا کہ ہندو سمادھی کو مسمار کرنے کے واقعہ سے تمام پاکستانیوں کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔ سمادھی کی بے حرمتی سے ہندو برادری کے مذہبی جذبات کو سخت ٹھیس پہنچی ہے۔ ٹیری سمادھی ہندووں کا ایک مقدس مقام اور بڑا تیرت یاترا استھان ہے۔ میرا ماننا ہے کہ ہر عبادت گاہ خدا کا گھر ہوتا ہے، یہ واقعہ پاکستان کو بدنام کرنے کی ایک سازش ہے۔