این اے 75کے ضمنی الیکشن میں مخالفین نے عوام کو گمراہ کیااورالیکشن کو متنازعہ بنایا؛ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

124

سیالکوٹ،28فروری  (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ این اے 75کے ضمنی الیکشن میں مخالفین نے عوام کو گمراہ کیااورالیکشن کو متنازعہ بنایا،شفاف الیکشن کو یقینی بنانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ 11جماعتیں، نسل در نسل، قبضہ مافیا اور منشیات فروش عمران خان کے مخالف کھڑے ہیں لیکن عمران خان کرپشن کے بت کو پاش پاش کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔انہوں   نے کہا کہ عمران خان کرپشن کے کینسر سے لڑ رہے ہیں، سچائی اور حق والوں کے راستے میں  ہمیشہ   رکاوٹیں آتی ہیں جب بھی عمران خان موروثی سیاست اور قبضہ مافیا پر ہاتھ ڈالتا ہے تو مفادات پرستوں کو تکلیف ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسکہ کے ساتھ چند کلومیٹر پر ہونے والے وزیر آباد میں الیکشن میں وہی انتظامیہ تھی،ن لیگ جہاں سے جیتتی ہے وہ الیکشن متنازعہ نہیں بنایا جاتا۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کا واویلہ اس لئے ہے وہ فرائض سے بے نیاز ہے جبکہ جعلی راجکماری پھولن دیوی کا روپ دھار چکی ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ن لیگ کے کنٹینر پرایم این ایز وور ایم پی ایز کی فوج ظفر موج کا کسی نے نوٹس نہیں لیا۔ این اے 75کے 337پولنگ اسٹیشن کے رزلٹ آنے تک الیکشن شفاف تھا جبکہ ماضی میں الیکشن میں رزلٹ میں تاخیر ہوتی رہی ہے،ڈسکہ شہر کا رزلٹ بھی اڑھائی بجے آر او آفس میں آیااوربے بنیاد پروپیگنڈا کے ذریعے الیکشن کو متنازعہ بنایا گیااس مقصدکیلئے ن لیگ نے کچھ میڈیا گروپ کو استعمال کیا۔الیکشن کمیشن کے فیصلہ کو چیلنج کرنا ہمارا آئینی حق ہے۔ڈسکہ کے عوام کا مقدمہ عدالت میں اس لئے لے جارہے ہیں کہ آنے والی الیکشن میں جس امیدوار کا رزلٹ لیٹ آیا یہ کہے گا یہ میرا الیکشن دوبارہ کروایا جائے۔الیکشن کمیشن کے رولز کی تشریح کیلئے عدالت میں جانا ہمارا حق ہے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت بھی اپنے جماعت میں کالی بھیڑوں کو تلاش کرے۔

 ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے کیلئے سیاحت کو فروغ دینا ہے۔حکومت پنجاب ٹورازم کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔ایکسپورٹ پراسسنگ زون اور کارٹیج انڈسٹری کو پرموٹ کرنے کیلئے حکومت پنجاب اقدامات کررہی ہے۔وزیر اعلی عثمان بزدار ہر ضلع کیلئے ترقیاتی پیکج دینے جارہے ہیں۔سیالکوٹ رنگ روڈ کے منصوبے کی منظوری کابینہ نے دے دی۔ جبکہ سیالکوٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام میں عمل میں لانے کا مقصد منصوبہ بندی سے شہر کو نئی ترقی دینا ہے۔.پبلک،پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے منصوبے بنائے جائیں گے۔سیالکوٹ میں مدر اینڈ چائلڈہیلتھ ہسپتال شروع کرنے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی ہے اس قوم کے چور, حاجی بنے ہوئے ہیں 900چوہے کھا کر بلی حج کو جارہی ہے۔صرف ضمانت ہوئی ہے کسی ادارے نے ان کو کلین چٹ نہیں دی۔ن لیگ کے اندر نئی لیگ شروع ہونے جارہی ہے۔.حمزہ اور مریم کے درمیان کھنچا تانی کا آغاز ہوچکا ہے۔حکومت عوام کے دکھوں کے مدوا کیلئے کام کرتی رہی گی۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے پروڈکشن کم ہوئی ہیں اس لئے پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہورہی ہیں۔اپنی مقبولیت کی خاطر ملکی ذخائر داؤ پر نہیں لگائے گے۔پیڑولیم کی عالمی مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی قیمتوں کو پاس آن کیا ہے۔کورونا کی وجہ سے پوری دنیا کی معیشت دباؤ میں آئی ہے۔