بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی مہم کے تحت   اسلام آباد میں خواتین کے پہلے گالف میچ کا انعقاد

241

اسلام آباد۔21فروری  (اے پی پی):بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی مہم کے تحت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خواتین کے پہلے گالف میچ کا انعقاد کیا گیا۔ شفا انٹرنیشنل ہسپتال اور شفا فاؤنڈیشن نے مارگلہ گرینز گالف کلب میں مشترکہ طور پر اس میچ کا اہتمام کیا۔ خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی اس موقع پر مہمان خصوصی تھیں۔ گالف میچ کی 5 مختلف کیٹیگریز میں 65 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ خواتین گالف کھلاڑیوں نے بریسٹ کینسر کے متعلق آگاہی پیدا کرنے کی مہم کے تحت گلابی رنگ کا لباس پہن رکھا تھا ۔خاتون اول نے گالف میچ جیتنے والی کھلاڑیوں میں انعامات اور منتظمین میں شیلڈز تقسیم کیں۔ اس موقع پر بریسٹ کینسر کی جلد تشخیص کے لئے سکریننگ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں گالف میچ کے شرکاء میں مفت میمو گرافی کے کوپن بھی تقسیم کئے گئے۔ شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور شفا فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر منظور ایچ قاضی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بریسٹ کینسر بہت عام ہو گیا ہے جیسا کہ ہر 9 خواتین میں سے ایک خاتون میں اس مرض کے پیدا ہونے کے خطرات موجود ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شفا انٹرنیشنل ہسپتال اور شفا فاؤنڈیشن کی جانب سےغریب خواتین کو سکریننگ، تشخیص اور علاج کی سہولیات کی فراہمی کے ذریعے معاونت فراہم جاتی ہے۔ شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے چیف آپریٹنگ آفیسر تیمور شاہ نے کہا کہ اس میچ کا مقصد خواتین میں بریسٹ کینسر کی تشخیص کے لئے سکریننگ کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ اس طرح کی سرگرمیاں آگاہی پیدا کرنے میں مدد گار ثابت ہوں گی۔ شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر ذیشان بن اشتیاق نے بھی خطاب کیا اور بریسٹ کینسر کی سکریننگ اور علاج کی سہولیات کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔