حضور ﷺ کی سیرت طیبہ تمام انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے ؛ معاون خصوصی مذہبی امور ظہور شاکر

78

پشاور، 25فروری(اے پی پی):  وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے حج،اوقاف و مذہبی امور ظہور شاکر نے کہا ہے کہ حضور ﷺ کی سیرت طیبہ تمام انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے جس کی پیروی کرتے ہوئے اقوام عالم بالخصوص امت مسلمہ اپنے روحانی، مادی اور فکری زندگی کو سنوار سکتی ہے بشرطیکہ سنت رسولﷺ پر من و عن عمل کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی اظہار شاکر نے اوقاف ہال چارسدہ روڈ پشاور میں محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام ایک روزہ سیرت النبیﷺ کانفرنس کی بابرکت و پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا موضوع”ماحولیاتی آلودگی اور ہماری ذمہ داریاں سیرت النبیﷺ کی روشنی میں “تھا۔

معاون خصوصی نے سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے ریاست مدینہ کے ماڈل کو بنیاد بنانے کا پختہ عزم کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمدﷺ کا اسوہ حسنہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے اور کانفرنس کا بنیادی مقصد بھی یہی ہے کہ انسانیت کی خدمت کی جائے اور کائنات کی ہر چیز کو درست استعمال میں لایا جائے۔ انہوں نے علمائے کرام سے اپیل کی کہ صفائی ستھرائی اور ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنے کیلئے اپنے جمعہ خطبات میں لوگوں کو ہدایت کریں کہ اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و اتفاق پیدا کریں اور آپس کے اختلافات کو یکسر بھلا کر ایک دوسرے کی بھلائی اور قدرتی وسائل کی تحفظ کو یقینی بنائیں۔

اس دوران جید علمائے کرام نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مادی دور کی بے چینی سماجی اور اخلاقی برائیوں کی بنیادی وجہ حضور ﷺ کی سنت مبارکہ سے دوری ہے اور جب تک بحیثیت مسلمان ہم اپنی زندگی قرآن و سنت کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق نہیں گزاریں گے ہماری مادی، فکری  اور روحانی زندگیوں میں توازن قائم نہیں ہو سکتا۔

 ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف جہانزیب خان، ایڈمنسٹریٹر جمال الدین، چیف خطیب مولانا محمد اسماعیل خان سابق صوبائی وزیر قاری روح اللہ مدنی، قاری عبد الروٗف مدنی، ڈاکٹر عطاء الرحمن، مولانا فضل الرحمن مدنی ودیگر ممتاز و جید علمائے کرام، آئمہ کرام اور خطباء سمیت محکمہ اوقاف کے سٹافرز بھی اس پروگرام میں شریک تھے، جنہیں پروگرام کے اختتام پر معاون خصوصی نے شیلڈز بھی پیش کیں۔