وزیر اعلیٰ پنجاب جیل ملازمین ، عام قیدیوں کے لیے بڑا اصلاحاتی پیکج لا رہے ہیں:صوبائی وزیر  راجہ بشارت

623

لاہور،25فروری(اے پی پی): صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب جیل ملازمین   اور   عام قیدیوں کے لیے بڑا اصلاحاتی پیکج لا رہے ہیں، کسی وزیر اعلیٰ نے پہلی دفعہ امیروں کی بجائے غریب اور بے سہارا قیدیوں کے بارے میں سوچا ہے۔مجوزہ پیکج میں قانونی ، مالی ، سماجی اور انتظامی تبدیلیوں کے ذریعے قیدیوں کو معیاری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

 ان خیالات کا اظہار  صوبائی وزیر  نے جمعرات کو یہاں  آئی جی جیل خانہ جات کے دفتر کےدورہ کے موقع پر کیا  ،آئی جی  جیل  خانہ  جات  شاہد سلیم بیگ نے استقبال کیا جبکہ جیل پولیس کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔راجہ بشارت نے  کہا   کہ یہ دورہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر جیل اصلاحات پر مشاورت کے لیے کر رہا ہوں۔ جیل ملازمین کی تنخواہوں اور الاؤنسوں  میں اضافہ کی تجویز بھی زیر غور لائی جائے گی،آئی جی اور ان کی لیگل ٹیم فوری طور پر اپنی تجاویز بھجوائیں۔

 صوبائی وزیر  نے آن لائن مانیٹرنگ سسٹم، ڈیجیٹل کمپلینٹ سیل اور میڈیا سیل ، اڈیالہ جیل راولپنڈی، ڈسٹرکٹ جیل پاکپتن سمیت دیگر جیلوں کے مختلف حصوں کا آن لائن معائنہ بھی کیا۔اس حوالے سے ان  کا کہنا ہے کہ آن لائن مانیٹرنگ سسٹم کی رسائی سپرنٹینڈنٹ کے دفتر اور قیدیوں کی بیرکوں تک ہونی چاہیے۔شکایات سیل میں موصول ہونے والی شکایات کی وجوہات کے تدارک پر خصوصی توجہ دی جائے۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ شفقت اللہ مشتاق، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ملک منیر احمد اور ڈی آئی جی لاہور ریجن نوید رؤف بھی موجود تھے۔