حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی جمعرات کو سندھ اسمبلی میں بھرپور احتجاج کرے گی،پی ٹی آئی  اراکین اسمبلی

96

کراچی۔23فروری  (اے پی پی):سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )  25 فروری بروز جمعرات سندھ اسمبلی کے اجلاس میں بھرپور احتجاج کریں گی ، حلیم عادل شیخ کو رہاکیا جائے بصورت دیگر وزیراعلی ہائوس کے سامنے مظاہرہ کریں گے ، ہمارے رہنمائوں اور کارکنوں کو کرپشن عوام کے سامنے لانے کی سزا دی جارہی ہے ۔ ان خیالات کااظہار پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں و اراکین اسمبلی سمیت دیگر نے منگل کو کراچی پریس کلب کے باہر سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ سمیت پارٹی کے دیگر رہنمائوں و کارکنان کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ احتجاجی مظاہرے میں اراکین اسمبلی اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔  مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھائے تھے جن پر حلیم عادل شیخ سمیت گرفتار پارٹی کارکنان کی رہائی کے مطالبات درج تھے ۔ اس موقع پر زبردست نعرہ بازی کی گئی ، مظاہرے میں خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر بلال غفار نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنمائوں و کارکنوں کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے ، ہمیں کرپشن کو سامنے لانے اور پی ایس 88 کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کی سزا دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 25 فروری کو سندھ اسمبلی کے ہونے والے اجلاس میں بھر پوراحتجاج کریں گے ۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سنیئر رہنماء فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان ہرجگہ ظلم کے خلاف کھڑے ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی حلیم عادل شیخ سے ڈرتی ہے ، انہیں بتانا چاہتے ہے کہ حلیم عادل شیخ اپ سے خوف زدہ ہونے والا نہیں ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ حلیم عادل شیخ کو رہا کرنا پڑے گا بصورت دیگر وزیراعلی ہائوس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا ۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیرزمان نے کہا کہ سندھ حکومت ہمارے رہنمائوں اور کارکنان کو انتقام کا نشانہ بنارہی ہے ، ہمارا قصور صرف یہ ہے کہ ہم  بدعنوان عناصر کو آئینہ دکھارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہر میں ہر جگہ احتجاج کرسکتے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان کے خلاف اس طرح کارروائیاں جاری رہی تو شہر میں بھر میں احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے ۔ خرم شیرزمان نے کہا کہ آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کے لئے اجلاس بلایا ہے ۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری و رکن صوبائی اسمبلی سعید آفریدی ، ایم این اے جے پرکاش ، ایم پی اے دعا بھٹو، ایم پی اے ڈاکٹر عمران شاہ سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی سندھ اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہے ہیں ، ان کی تبدیلی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنمائوں نے کراچی سے لاڑکانہ تک ہونے والی کرپشن سے پردہ ہٹایا ہے ،جس کی وجہ سے انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایاجارہا ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے رہنمائوں اور کارکنان کو جیلوں میں تشدد کا نشانہ بنایاجارہا ہے ۔ پی ٹی آئی نے سندھ کی حقوق کی بات کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کو فوری طور پر رہا کیا جائے ۔