شہید دودو سومرو ویلفیئر آرگنائیزیشن بچوں   کی تعلیم سمیت یتیم بیٹیوں کو جہیز فراہم کر  رہی ہے ؛ چیئرمین علی محمد سومرو

232

سکھر،24فروری ( اے پی پی ): چیئرمین شہید دودو سومرو ویلفیئر آرگنائیزیشن پاکستان علی محمد سومرو نے کہا ہے کہ ہماری تنظیم اور سومرو قبائل وطن کے دفاع اور سلامتی کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے،بچوں اور بچیوں کی تعلیم اور یتیم بیٹیوں کو جہیز کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان ( اے پی پی ) سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی طرح ہم وطن عزیز پاکستان کی ترقی ، دفاع اور سلامتی کے لئے ہر اول دستے کا کردار نبھانے اور جان کی بازی لگانے کو تیار ہیں۔ ہماری تنظیم سیاست سے بالاتر ہوکر ملک کے غریب طبقات خصوصاّ نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شہید دودو سومرو ویلفیئر آرگنائیزیشن اس وقت بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل کرچکی ہے، اس پلیٹ فارم سے ہم اپنے بچوں اور بچیوں کو مفت تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں  جبکہ اس حوالہ سے باقاعدہ ایک منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔

علی محمد سومرو نے  کہا کہ ہماری سومرا برادری سے اگر کوئی ہونہار لڑکا سی ایس ایس کرنا چاہے گا تو ہم اس کی ہر طرح کی مدد کریں گے۔اپنی کمیونٹی کے نوجوانوں کو ایف اے تک مفت تعلیم ، رہائش اور کھانہ فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یتیم لڑکیوں کو جہیز فراہم کرنا اور ان کی شادیوں کے اخراجات کا بندوبست کرنا ہماری اولین ترجیحات ہیں۔

علی محمد سومرو نے کہا کہ ہم اپنے لوگوں کو ذہنی غلامی سے نکالنے اور اور ان کے شعوری صلاحیتوں کو اجاگر کرنا چاہتے ہیں ۔اس سلسلہ میں ہم مختلف شہروں اور قصبوں میں پروگرامز منعقد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو شہید دودو سومرو کی شخصیت اور ان کی لازوال قربانی کے بارے میں آگاہ کر رہے ہیں جس نے اپنے وطن اور اپنی عزتوں کے تحفظ کے لئے جان کی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ 7 مارچ کو یوم تاسیس کے تحت سکھر میں بہت بڑا پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے ، سومرا برادری کے تمام لوگوں کو شرکت کی دعوت دیتے ہیں ، زیادہ سے زیادہ لوگ شرکت کرکے ہماری حوصلہ افزائی کریں۔