وادی مڈکلشٹ میں برفانی کھیلوں کا  ٹورنمنٹ احتتام پذیر ہوا

470

چترال، 09 فروری(اے پی پی):  جنت نظیر وادی مڈکلشٹ میں  برفانی کھیلوں کا  ٹورنمنٹ سنو سپورٹس فیسٹیول احتتام پذیر ہوا۔ برفانی کھیلوں کا یہ دوسرا راؤنڈ تھا۔ اس ٹورنمنٹ کا اہتمام ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر نے کیا تھا۔ اس ٹورنمنٹ میں سنو سکینگ، سنو سکیٹنگ، میراتھن ریس، خواتین بیڈ منٹن وغیرہ شامل تھے۔ مقامی تنظیم نے اس ٹورنمنٹ میں خصوصی طور پر مڈگلشٹ کے بچیوں کو بھی کھیلنے کا موقع دیا تھا تاکہ وہ بھی ان کھیلوں میں حصہ لے سکیں اور ان کی بھی حوصلہ افزائی ہو۔

سنو سکینگ اور سنو سکیٹنگ کے دوران لڑکوں کے ساتھ ساتھ لڑکیوں نے بھی برفانی میدان میں  کھیل کر اپنی فن کا مظاہرہ کیا اور یہ ثابت کیا کہ ہم بھی کسی سے کم نہیں ہیں۔سنو سپورٹس فیسٹیول کے دوران بعض سیاحوں نے بھی قسمت آزمائی کی مگر  وہ چند گز کے فاصلے پر  جا کر اوندھے منہ جب گر پڑتے تو یہ شعر یاد  آیا  کہ،  گرتے ہیں شاہ سوار ہی میدان جنگ میں،  وہ طفل کیا گرے کہ جو گھٹنوں کے بل چلے۔

برفانی کھیلوں کے دوران کھلاڑیوں کی خون گرمانے کیلئے ثقافی شو کا بھی مظاہر ہ جاری تھا اور مقامی فن کار دف، ستار اور جیری کین کے ذریعے  روایتی موسیقی بھی پیش کرتے تھے۔ اس دوران دستکاری کے مقامی فن پاروں کا نمائش بھی ہوا جس میں علاقے کے خواتین نے ہاتھ سے بنے ہوئے گرم بنیان، ٹوپی، شال وغیرہ نمائش اور فروخت کیلئے رکھے تھے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر فاروق اعظم نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کود اور مثبت سرگرمیوں اور ہم نصابی کاموں میں بھی حصہ لیں کیونکہ  جن قوموں کا کھیل کا میدان خالی ہوتا ہے ان کے ہسپتال مریضوں سے بھرے رہتے  ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوان نسل میں تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کا شوق پیدا کرنے اور ان کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔