وزارتِ خارجہ اور نمل کے مابین مختلف زبانوں کی ترویج کے حوالے سے معاہدہ

80

 

اسلام آباد،26فروری  (اے پی پی):وزارتِ خارجہ اور نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کے مابین مختلف زبانوں کی ترویج کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا  ہے ۔جمعہ کو نمل میں ایک تقریب میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) محمد جعفر کی موجودگی میں وزارت خارجہ اور نمل کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

قبل ازیں یونیورسٹی آمد پر ریکٹر نمل یونیورسٹی میجر جنرل (ر) محمد جعفر نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔معاہدے کے تحت نمل یونیورسٹی، مختلف زبانوں میں تراجم اور تشریح کے حوالے سے وزارتِ خارجہ کی معاونت اور وزارت خارجہ  کے افسران کی زبان دانی کے حوالے سے استعداد کار بڑھانے میں مدد کرے گی ۔

اس موقع پر وزیر خارجہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زبانوں کی ترویج کے حوالے سے وزارتِ خارجہ اور نمل کے مابین یہ معاہدہ، وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں  نے کہا کہ وزارتِ خارجہ اور نمل یونیورسٹی کے مابین زبانوں کی ترویج کے اس معاہدے سے قومی بیانیے کی تشکیل اور بین الاقوامی سطح پر تشہیر میں مدد ملے گی ۔وزیر خارجہ نے علم و ادب کے حوالے سے نمل یونیورسٹی کی خدمات کو سراہا۔

ریکٹر نمل یونیورسٹی میجر جنرل (ر) محمد جعفر نے نمل یونیورسٹی آمد پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔