وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق قبائلی اضلاع میں کھیلوں کو فروغ دینگے؛  وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری

221

پشاور، 28فروری(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری  نے کہا ہے  کہ لنڈی کوتل میں کھیلوں کا فروغ خوش آئند ہے، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق قبائلی اضلاع میں کھیلوں کو فروغ دینگے۔

ان خیالات کا اظہار پیر نور الحق قادری نے  لنڈی کوتل   میں  فٹبال سپر لیگ    ٹرافی کی  رونمائی اور سپر لیگ کے باقاعدہ افتتاح کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ لنڈی کوتل دلخاد بسم اللہ سپورٹس گراؤنڈ لنڈی میں فٹ بال کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لنڈی کوتل میں فٹ بال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جس کو مزید نکھارنے کیلئے اقدامات کیے جائینگے، اسی سرزمین نے  پاکستان کو انٹرنیشل کھلاڑی دئیے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا کہ علاقے میں کھیلوں کی سرگرمیاں امن کی نشانی ہیں اور ایسی سرگرمیاں جاری رکھنے سے نوجوان شدت پسندی، منشیات اور دیگر برے کاموں سے بچ سکتے ہیں اس لئے علاقے میں کھیلوں کی سرگرمیاں خوش آئند اقدام ہیں۔  انہوں نے کہا کہ علاقے میں کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لئے کھلاڑیوں کا ہر ممکن مدد جاری رکھیں گے اور ان کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کیا جائے گا تاکہ کھلاڑیوں کے مشکلات میں کمی آ جائے اور کھیلوں کی سرگرمیاں بہتر طریقے سے جاری رکھ سکیں۔

 وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیرنورالحق قادری نے بسم اللہ سپورٹس گراؤنڈ پر جاری فٹ بال سپر لیگ جاری رکھنے کے لئے گراؤنڈ انتظامیہ کو بہترین انتظامات پر 1 لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا، پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء حاجی ضرب اللہ شینواری نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیرنورالحق قادری اور آنے والے تمام مہمانوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

 اس موقع پر وفاقی وزیر کے ہمراہ خیبر رائفلز 101 ونگ کے کمانڈر لیفٹنٹ کرنل ابرار ایڈوائزر امیر محمد خان آفریدی، سیکرٹری حاجی حمید اللہ آفریدی، حاجی جمال آفریدی نسبت علی آفریدی ضلع خیبر زکوٰۃ کمیٹی کے چئیرمین مولانا احسان اللہ جنیدی  پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء حاجی ضرب اللہ شینواری اور دیگر موجود تھے۔