کراچی کی طرز پر سندھ کے مختلف اضلاع کے لیے ترقیاتی پیکیج تیار کیا جارہا ہے؛ وفاقی وزیر اسد عمر

106

حیدرآباد،27فروری (اے پی پی): وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ کراچی کی طرز پر سندھ کے مختلف اضلاع کے لیے ترقیاتی پیکیج تیار کیا جارہا ہے جس کا اعلان جلد ہی وزیر اعظم عمران خان سندھ آکر کریں گے ، توانائی کے مختلف منصوبوں پر بھی کام ہورہا ہے ،سی سی آئی کا اجلاس سینیٹ انتخابات کے بعد ہوگا۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیسکو ہیڈ کواٹر حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا اس موقع پر پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی فردوس شمیم نقوی ، سدرہ ، جی ڈی اے کے رکن سندھ اسمبلی حسنین مرزا اور ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی صلاح الدین ،صابر قائم خانی ، راشد خلجی ، ندیم صدیقی و دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہاکہ کراچی ترقیاتی پیکیج کی طرز پر سندھ کے دیگر اضلاع کے لیے بھی ایک ترقیاتی پیکیج لایا جارہا ہے اس مقصد کے لیے میں سکھر ، لاڑکانہ ، خیر پور ، شکار پور اور گھوٹکی میں پہلے ہی مشاورت کرچکا ہوں آج حیدرآباد،ٹنڈو الہیار اور ٹنڈو محمد خان کا  دورہ کیا ۔ میں نے یہاں پی ٹی آئی کے علاوہ جی ڈی اے اور ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی کے ہمراہ ترقیاتی امور کا جائزہ لیا ہے، وزیر اعظم عمران خان جلد ہی سندھ آکر اس نئے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کریں گے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہاکہ ملک معاشی ترقی کی طرف گامزن ہے، کرونا وائرس کی وجہ سے جو معاشی پابندیاں اور لاک ڈاؤن وغیرہ ملک میں لگایا گیا تھا وہ ختم کیا جارہا ہے اور ساتھ ہی عوام الناس سے اپیل بھی کی جارہی ہے کہ وہ احتیاط کریں اور  ایس او پیز کا اب بھی خیال رکھا جائے، وائرس کے اثرات کم ہو گئے ہیں لیکن یہ مکمل ختم نہیں ہوا ہے، ویکسین لگوائیں اس حوالہ سے غلط تاثر قائم نہ کریں۔انہوں  نے کہا کہ  خود وفاقی مشیر صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ویکسین لگوائی ہے ویکسین سے متعلق بے بنیاد خدشات بیان نہ کئے جائیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہاکہ ملک میں توانائی کے مختلف منصوبوں پر کام ہورہا ہے، ونڈ انرجی ، سولر اور ہائیڈل منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے، حیسکو اور سیپکو میں انفرااسٹریکچر بہتر بنانے کا عمل شروع ہے ،بڑے پیمانے پر اس شعبہ میں سرمایہ کاری کی جارہی ہے، اس سلسلہ میں ایشین ترقیاتی بینک بھی تعاون کررہا ہے۔

 انہوں نے کہاکہ سی سی آئی کا اجلاس سینیٹ انتخابات کی وجہ سے ملتوی کیا گیا ہے، سینیٹ انتخابات کے بعد اجلاس بلایا جائے گا، سندھ کے بیراج بھی بہتر بنائے جارہے ہیں اس حوالہ سے ایکنک کا اجلاس ہوگا جس میں مختلف تجاویز پر غور ہوگا۔انہوں نے کہاکے فور منصوبہ سے سندھ حکومت بہت خوش ہے پہلے تو یہ طے ہوا تھا کہ اسکا آدھا خرچ وفاق اور آدھا سندھ اٹھائے گا لیکن اب سو فی صد اخراجات وفاق کرے گا جس سے سندھ میں خوشی ہے یہ منصوبہ ایکنک سے منظو ر ہو چکا ہے۔

 وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہاکہ ہمار ا خیال تھا کہ 18ویں ترمیم کے بعد صوبے خود زیادہ سے زیادہ ریونیو اکھٹا کریں گے لیکن سندھ اب بھی زیادہ انحصار وفاق پر کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایف بی آر نے اپنے اہداف پورے کئے ہیں، انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت درآمدی منصوبوں سے زیادہ خود انحصاری کی طرف توجہ دے رہی ہے۔

 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سینیٹ انتخابات میں بدقسمتی سے اراکین کی خریداری کی منڈی لگتی ہے اس طرح کی ایک وڈیو بھی وائرل ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ سے اراکین کے انتخاب میں پی ٹی آئی ، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے میں کوئی اختلاف نہیں ہے اور نہ ہی حفیظ شیخ پر کوئی مسئلہ ہے ہم اپنے امیدوار منتخب کرانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ پنجاب اور سندھ میں پیپلز پارٹی اور نواز لیگ نے وہی نشستیں جیتی ہیں جو پہلے ان کی تھیں ،کے پی کے میں ہم نے اگر صوبائی کی نشست بوجوہ کھوئی ہے تو قومی اسمبلی کا ضمنی انتخاب جیتا ہے پی ٹی آئی کو ضمنی انتخاب میں کوئی ایسا نقصان نہیں ہوا جس کا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں جمہوریت کا نام استعمال ہو رہا ہے لیکن سندھ حکومت نے اپنے مخالفین سے وہی سلوک روا رکھا ہوا ہے جو حلیم عادل شیخ سے رکھا جارہا ہے۔