۔52 سال کے بعد بھی میراج طیاروں کو دفاع وطن کے قابل بنانا قابل ستائش ہے،پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو میراج طیاروں کا باقاعدہ استعمال کر رہا ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا میراج طیاروں کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب

136

شورکوٹ۔25فروری  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ میراج طیاروں کی گولڈن جوبلی تقریب میں شرکت باعث فخر ہے، 52 سال کے بعد بھی میراج طیاروں کو دفاع وطن کے قابل بنانا قابل ستائش ہے، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو میراج طیاروں کا باقاعدہ استعمال کر رہا ہے، ہمارے انجینئرز اور ٹیکنیشنز ہی ہمارے اصل ہیرو ہیں جو محدود وسائل کے باوجود مختلف شعبوں میں بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو سرفراز رفیقی پی اے ایف بیس شورکوٹ میں میراج طیاروں کی گولڈن جوبلی کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ میراج طیاروں کی گولڈن جوبلی تقریب میں شرکت باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہ آج پی اے ایف کے ہیروز اور سرفراز رفیقی ایئر بیس کی تاریخ جان کر خوشی ہوئی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ایئرفورس کی جانب سے 52 سال کے بعد بھی میراج طیاروں کو دفاع وطن کے قابل بنانا قابل ستائش ہے، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں پر آج بھی میراج طیاروں کو آپریشنل رکھا گیا ہے اور اس حوالہ سے ان کی ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن کے ذریعے ان کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات سپلائیزکی دستیا  بی میں  مشکلات پیدا ہوئیں لیکن ہمارے انجینئرز اور ٹیکنیشنز نے اپنی صلاحیتوں سے مشکلات پر قابو پایا۔ صدر مملکت نے کراچی میں لگائے جانے والے نیوکلیئر پاور پلانٹ  کی تنصیب کے موقع پر سپلائیز کی دستیابی میں مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مشکلات کے باوجود ہمارے ماہرین نے نہ صرف پاور پلانٹ کو چلایا بلکہ اب تک کامیابی سے چلایا جا رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے انجینئرز اور ٹیکنیشنز ہمارے اصل ہیرو ہیں جو مختلف شعبوں میں بے مثال اور باعث فخر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئرفورس دنیا کی واحد ایئرفورس ہے جو میراج طیاروں کو نہ صرف اڑا رہی ہے بلکہ ان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے دفاع وطن کے استحکام کو بھی یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہمسایہ ملک کے جارحانہ اقدامات اور وسائل میں ہم سے کئی گنا بڑا ہونے کے باوجود پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع میں پی اے ایف کا کردار انتہائی اہم ہے۔ قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی تقریب میں شرکت کے لیے پی اے ایف رفیقی بیس پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ میراج طیاروں کی گولڈن جوبلی تقریب کے موقع پر خوبصورت رنگا رنگ پریڈ کا انعقاد کیا گیا اور صدر مملکت کو سلامی دی گئی جبکہ صدر نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر پی اے ایف کے سکواڈرن نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی کو سلامی بھی دی۔ گولڈن جوبلی تقریب کے موقع پر کلر آف ایوارڈز کی تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں صدر مملکت نے پاکستان ایئر فورس کے سابق اور حاضر افسران و ٹیکنیشنز کو بہترین کارکردگی پر ایوارڈز اور سووینیئرز سے نوازا۔ یہ ایوارڈز میراج طیاروں کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر عطا کئے گئے۔ پاک فضائیہ کے سابق اور حاضر سروس افسروں اور اہلکاروں کو دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنانے پر ایوارڈز اور سووینیئرز دیئے گئے۔ پریڈ میں غیرملکی کیڈٹس بھی شریک تھے جو پاکستان میں زیرتربیت ہیں۔ پاکستان ایئرفورس کے سربراہ چیف آف سٹاف ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے صدر ڈاکٹر عارف علوی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ ڈاکٹر عارف علوی نے رفیقی ایئربیس پر بنائے جانے والے میراج مونومنٹ کا افتتاح بھی کیا۔ میراج طیاروں کی گولڈن جوبلی تقریب میں پاک فضائیہ کے سابق اور حاضر سروس افسروں اور اہلکاروں سمیت ان کے اہلخانہ اور سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی۔