اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سےحکومتی وزراء کی ملاقات،قومی اسمبلی کے اجلاس سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا

17

اسلام آباد، 29 مارچ (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سےحکومتی وزراء نے پیر کو یہاں ملاقات کی ، ملاقات میں سید فخر امام، فواد چوہدری اور ڈاکٹر بابر اعوان شریک تھے، ملاقات میں قومی اسمبلی کے اجلاس سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا اور کورونا وباء کے دوران قومی اسمبلی کے اجلاس میں حفاظتی اقدامات کا جائزہ کیا گیا جبکہ قومی اسمبلی کے اجلاس کو بامعنی بنانے کے لیے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

حکومتی وزراء نے ایوان کا ماحول سازگار بنانے کے لیے حکومتی وزراء کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ قومی اسمبلی اجلاس میں قانونی اور انتخابی اصلاحات پر توجہ مرکوز رکھی جائے گی اور کہا کہ انتخابی اصلاحات کے لیے حکومت اپوزیشن کو ہر طرح کا فورم مہیا کرنے کے لیے تیار ہے۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے، اپوزیشن اور حکومت انتخابی اصلاحات کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے حوالے سے تمام جماعتوں سے بات کروں گا، اپوزیشن اور حکومت انتخابی اصلاحات پر اپنی تجاویز دے

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہمیں ساتھ مل کرانتخابی اصلاحات پر بات کرنی چاہیے تاکہ عوام کا انتخابی عمل پر اعتماد بحال ہو سکے۔

وفاقی وزیر سید فخر امام نے پارلیمانی سفارتکاری کے زریعے مسئلہ کشمیر   اجاگر کرنے پر اسپیکر کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ چوتھی اسپیکرز کانفرنس میں کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کو تسلیم کیا جانا پاکستان کی کامیابی ہے۔