اوکاڑہ؛ جعلی انگوٹھے بناکر بینظیر انکم سپورٹ،وزیر اعظم  احساس پروگرام کی امدادی رقوم نکلوانے والا 3 رکنی گروہ گرفتار

126

اوکاڑہ،29مارچ(اے پی پی): ڈی ایس پی مہر محمدیوسف کی نگرانی میں سی آئی اے پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے  جعلی انگوٹھے بناکر دیہاتیوں سے احساس پروگرام کے پیسے نکالنے  والا 3 رکنی گروہ گرفتار کر لیا،ملزمان میں بلال سلیم ،ذیشان اوربلال صدیق شامل ہیں جو کہ اوکاڑہ کے رہائشی ہیں۔

 ڈی ایس پی سی آئی اے کے دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ڈی ایس پی مہر یوسف نے بتایا گیا کہ ملزمان دیہاتیوں، سادہ لوح مردوعورتوں کو احساس پروگرام اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام یا سٹوڈنٹس کے وظائف کی رقوم دلوانے کا جھانسہ دیتے تھے اور مبینہ طور پرلوگوں کے انگوٹھے کے نشان ٹیپ پر اتارتے اور اس کی مدد سے پلاسٹک کے انگوٹھے تیار کرتے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں موبائل فونز سمیں،جعلی انگوٹھے، اے ٹی ایم کارڈز اور شناختی کارڈز کیساتھ ساتھ بے نظیر انکم سپورٹ اور احساس پروگرام کارڑز کے علاوہ دو لاکھ نقدی برآمد ہوئی،  دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ اب تک لاکھوں روپے نکلوا چکے ہیں۔

ڈی ایس پی مہر یوسف نے عوام کے نام خصوصی پیغام  دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی شخص وزیر اعظم  احساس پروگرام، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام یاانعامات کی رقوم کا جھانسہ دیکر شناختی کارڈ نمبر، بنک اکاؤنٹ اے ٹی ایم کارڈز یا موبائل فونز کے بارے وضاحت مانگے تو  ایسے شخص کو تفصیل بتانے سے گریز کریں اوراسکی فوری پولیس کو اطلاع کریں۔