اوکاڑہ.17مارچ )اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خان نے کہا ہے کہ بھٹہ مزدوروں ،فیکٹر ی ورکروں ،ہوٹلوں ،ورکشاپوں اور دیگر مقامات پر چائلڈ لیبر کے افسران اور فیلڈ عملہ اقدامات کریں مزدوروں کو ان کی مزدوری کا طے شدہ معاوضہ ہر صورت ملنا چاہیے اور اس سلسلہ میں جو حکومت نے جو احکامات جاری کئے ہوئے ہیں اس پر سو فیصد عملد آمد کیا جائے اور مزدوروں کے لئے کم سے کم طے شدہ معاوضہ سے کم اجرت دینے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویجلینس کمیٹی برائے بانڈڈ لیبر کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر نورالامین، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اشتیاق احمد خاں ،صدر بھٹہ مالکان انجینئر سلمان اظہر، سماجی تنظیم’ ماڈا‘ کے صدر محمد مظہررشید چودھری ،شیخ ثاقب اشرف چیئرمین بھٹہ مالکان اوکاڑہ،پبلک پراسیکیوٹرراواصغر سمیت محکمہ تعلیم ، محکمہ پولیس ، کے نمائندوں نے شرکت کی ،اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خاں نے بانڈڈ اینڈچائلڈ لیبر کی روک تھام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کو معیاری تعلیم، صحت، پیشہ ورانہ تربیت کی سہولیات مہیا کرکے انہیں قومی دھارے میں لانے سے ترقی کے ثمرات حاصل ہو سکتے ہیں ، ڈپٹی کمشنر عامر عقیق نے بھٹہ مالکان کو فیکٹری ایکٹ کے تحت رجسٹریشن سرٹیفکیٹ لیبر ڈیپارٹمنٹ کو جمع کروانے کی ہدایت کی، بھٹوں پر کام کرنے والے مزدوروں کی رجسٹریشن کا عمل بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ مزدوروں کو سوشل سیکورٹی کارڈزجاری کیے جا سکیں ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر نورالامین نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع بھر میں بانڈڈ لیبر کی کوئی شکایت نہ ہے،جبکہ ضلع میں 70فیصد بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کئے جا چکے ہیں اور خلاف ورزی کرنے والے بھٹوں اور دیگر صنعتی اداروں کے مالکان کے خلاف کاروائی کی جا رہی ہے۔











