جیپ ایبل ٹریکس کی تعمیر سے کوہ سلیمان کے کاشتکار ودیگر افراد مستفید ہوں گے،   ثاقب علی عطیل

77

ملتان 12 مارچ(اے پی پی):  سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کوہ سلیمان میں محکمہ زراعت کے تحت جیپ ایبل ٹریکس و دیگر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور فیلڈ سرگرمیوں کا جا ئزہ لیا اور کہا کہ کوہ سلیمان میں غربت کے خاتمے اور زرعی ترقی کے فروغ کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی، منصوبہ جات کی بروقت تکمیل کیلئے افسران دن رات محنت کریں۔

اس موقع پر سیکرٹری زراعت نے مقامی کاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوہ سلیمان کے کاشتکاروں کی خوشحالی حکومت پنجاب کا مشن ہے، محکمہ زراعت جنوبی پنجاب اس مشن کی تکمیل کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہا ہے، علاقہ کی پسماندگی دور کرنے اور کاشتکاروں کی معاشی حالت سنوارنے کیلئے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے، سی پیک کی وجہ سے یہ خطہ بہت اہمیت اختیار کرچکا ہے۔

انہوں نے کہا  کوہ سلیمان کی آب وہوا ہائی ویلیو کراپس کی کاشت کیلئے بہت موزوں ہے یہی وجہ ہے کہ یہاں پر زیتون،کھجور اور سٹرس کے باغات کی کاشت کوفروغ دینے کیلئے کاشتکاروں کو90فیصد سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوہ سلیمان کی ہر یونین کونسل میں زرعی زمین کو ہموار کرنے کیلئے 300گھنٹے کیلئے مفت بلڈوزر فراہم کئے جارہے ہیں۔فصلوں اور باغات کی پیداوار میں اضافہ اور پانی کے باکفایت استعمال کو یقینی بنانے کیلئے ہائی ایفیشنسی سسٹم کی تنصیب پر سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی  ہدایت پر کوہ سلیمان کے کاشتکاروں کو محکمہ زراعت کے تحت جاری سکیموں پر90فیصد سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔ ان حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں قبائلی علاقوں کے کاشتکاروں کا معیار زندگی بلند ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پہاڑی علاقوں میں پھلوں اور سبزیوں کی منڈیوں تک باآسانی رسائی یقینی بنانے کیلئے جیپ ایبل ٹریک تعمیر کئے جارہے ہیں تاکہ کاشتکار ودیگر افرادزیادہ سے زیادہ مستفید ہوسکیں، فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے امسال بھی کاشتکاروں کو فصلوں اور چارہ جات کی جدید اقسام کے بیج 90فیصدسبسڈی پر فراہم کئے  جائیں گے۔

سیکرٹری زراعت نے گندم کے نمائشی پلاٹ اورکاشتہ سبزیوں کو چیک کیا اور کہاکہ مختلف سبزیوں کی پنیری کی کاشت کیلئے بھی کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے،   کاشتکار گندم کی جدید اقسام کا بیج آئندہ سال کیلئے خود بھی رکھیں اور ساتھی کاشتکاروں کو بھی دیں تاکہ پرانی اقسام کے بیج کو نئی اقسام سے تبدیل کیا جاسکے۔

سیکرٹری زراعت نے مقامی کاشتکاروں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور حل کیلئے متعلقہ افسران کو موقع پر ہدایات بھی دیں۔ سیکرٹری زراعت نے بارتھی میں گورنمنٹ پرائمری سکول کا دورہ کیا اور طلباء سے گفتگو کی۔

بعد ازاں سیکرٹری زراعت سے شجرکاری مہم کے تحت زیتون کا پودا بھی لگایا۔اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت توسیع مہر عابد حسین،ڈپٹی ڈائریکٹر غلام محمد،اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت انفارمیشن عبدالصمد سمیت محکمہ زراعت کے افسران بھی موجود تھے۔