صنف کے تناظر میں خواتین کو انسانی حقوق سے بھی محروم کر دیاجاتاہے، پروفیسر کنول

89

اوکاڑہ، 11مارچ (اے پی پی): ہوم اکنامکس یونیورسٹی لاہور میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے سیمینار منعقد ہوا،  وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے اوکاڑہ یونیورسٹی کا دورہ کیا اور خواتین کے حقوق کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کیا۔

 پروفیسر کنول نے کہا کہ ہمیں خواتین کوپہلے انسان اور بعد میں ایک صنف کے طور پہ لینا چاہیے۔ ہم اکثر صنف کے تناظر میں خواتین کو انسانی حقوق سے بھی محروم کر دیتے ہیں۔

 اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر زکریا نے کہا کہ ہمیں مغرب سے مستعار لیے جانے والے نعروں پہ بحث کرنے کی بجائے خواتین کےلیے بنیادی انسانی حقوق اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پہ توجہ دینی چاہیے۔

سیمینار کے شرکاء نے پاکستان میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے مختلف مواقع اور چیلنجز پہ بحث کی۔

پروفیسر کنول جو کہ ایک انفارمیشن مینجمنٹ ایکسپرٹ ہیں، انہوں نے اوکاڑہ یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری میں موجود مختلف وسائل اور سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور اس لائبریری کو قومی اور بین الاقوامی ڈیجیٹل ڈیٹا بیس کے ساتھ منسلک کرنے پہ چیف لائبریرین راشد مقبول کو مبارک باد پیش کی۔اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے ڈاکٹر کنول کا اوکاڑہ آمد پہ شکریہ ادا کیا اور ہوم اکنامکس یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔