ضلع سیالکوٹ میں 5روزہ  انسداد پولیو مہم کا آغاز29مارچ سے ہو گا

56

سیالکوٹ،12مارچ(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر  ڈاکٹر میر محمد نواز بھروانہ نے کہا ہے کہ ضلع سیالکوٹ میں 29مارچ سے 5روزہ  انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جارہا ہے، جس  دوران پانچ سال سے کم عمر6لاکھ 70ہزار 190بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔

یہ بات انہوں نے انسداد پولیو مہم کے کامیاب انعقاد کے سلسلہ میں مائیکرو پلان کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔

ڈی سی ڈاکٹر میر محمد نواز بھروانہ نے کہا کہ پولیو کے خاتمہ کیلئے تمام ذمہ داران کو اپنے فرائض منصبی  ایمانداری اور قومی جذبے سے انجام دینی ہوگی تاکہ پولیو کی لعنت کو جڑ اکھاڑ پھینکیں اور اپنی آنے والی نسلوں کو عمر بھر معذوری کے خطرے سے محفوظ کیا جاسکے۔

ڈسٹرکٹ سپورٹ آفیسر ڈاکٹر شہزاد اقبال نے قومی انسداد پولیو کے مائیکرو پلان کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ قومی انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے مجموعی طور پر 1415ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔مائیکرو پلان کے مطابق 1213 موبائل ٹیمیں گھر گھر جاکر133فکسڈ ٹیمیں بنیادی و دیہی مراکز صحت اور ہسپتالوں میں جبکہ 69رومنگ/ٹرانزٹ ریلوے اسٹیشن،لاری اڈوں،اہم چوکوں اور بس اسٹاپس پر بچوں کو پولیو سے قطرے پلانے کا قومی فریضہ انجام دیں گی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فاروق اکمل،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسلم چودھری،  ڈی ایچ او ڈاکٹر افضل بھلی،ڈاکٹر خالد محمود چودھری، نمائندہ عالمی ادارہ صحت ڈاکٹرمحمد یاسر،ریاض احمد ساہی،ڈاکٹر لطیف ساہی،ڈاکٹر ناصر چودھری، سیکرٹری ڈی آر ٹی اے مظفر حیات،ڈی ڈی زراعت عبدالسمیع طاہر،ڈی او ایمرجنسی نوید اقبال، ڈی او انڈسٹریز ارشد چودھری،سوشل ویلفیئر آفیسرتبسم، ایس این اے حافظ ظہیر احمد تنویر حیدر ڈی ایس وی سمیت تمام متعلقہ محکموں کے مقامی حکام نے شرکت کی۔