ملتان، 6مارچ(اے پی پی): سرائیکی کلچر ڈے کے موقع پر شہر اولیاء میں رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد کیا گیا ،ڈھول اور شہنائی کی مدھر دھنوں پر سرائیکی جھومر نے سماں باندھ دیا اور پورے شہر میں نیلے رنگ کی ملتانی اجرک کی بہار امڈ آئی بچے، بوڑھے اور جوان سب نے ملتانی اجرک کو گلے کی مالا بنا ڈالا، نیلے رنگ کی سرائیکی اجرک نے پورا ماحول نیلگوں کر دیا۔
ملتان ٹی ہاوس میں “سرائیکی ثقافت ڈینہہ” کے موضوع پر رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی عام شہریوں، دانشوروں،ادیبوں،شاعروں اور مختلف شعبوں کے نمائندہ افراد نے تقریب میں شرکت کی، سرائیکی اجرک کے لباس میں ملبوس خواتین بھی تقریب میں موجود تھی۔
تقریب میں نوجوانوں کا سرائیکی گیت کے ساتھ ڈھول کی دھاپ پر ثقافتی جُھمر بھی لگائی، معروف صحافی اور دانشور ظہور دھریجہ نے کہا کہ پاکستان مختلف ثقافتوں کا خوبصورت گلدستہ ہے اور کہا زندہ قومیں اپنی تہذیب اور ثقافت کو ہمیشہ سینے سے لگائے رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرائیکی اجرک محبت،روادری اور امن کا دوسرا نام ہے اور کہا کہ سرائیکی اجرک کا نیلگوں رنگ ہمیشہ زندہ رہنے والی محبت اور وفا کا استعارہ ہے۔
ظہور دھریجہ نے کہا جنوبی پنجاب نے سیاست،ثقافت، کھیل اور ہر میدان میں نامور شخصیات پیدا کی ہیں، پورے وسیب کو فخر ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا تعلق اس خطے سے ہے اور عثمان بزدار کی طرف سے سرائیکی تقافتی دن پر مبارکباد کا پیغام خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے قیام میں جنوبی پنجاب کے عوام کا بڑا کردار ہے،توقع ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت جنوبی پنجاب صوبے کا وعدہ جلد پورا کرے گی۔











