وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور ایرانی ہم منصب جواد ظریف کے مابین ملاقات

86

دوشبنے۔30مارچ  (اے پی پی):پاکستان اور ایران نے دو-طرفہ تعاون کے فروغ اور خطے میں قیام امن کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا ہے۔تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں منعقدہ نویں ہارٹ آف ایشیا – استنبول پراسس کانفرنس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور ان کے ایرانی ہم منصب جواد ظریف کے مابین ملاقات ہوئی۔بات چیت کےدوران دو طرفہ تعلقات ، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان, ایران کے ساتھ دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ان دو طرفہ تعلقات کی بنیاد یکساں تاریخ، جغرافیائی قربت اور مشترکہ مفادات پر  قائم ہے ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان ادارہ جاتی میکنزم سے مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون میں اضافہ ہوا ہے۔پاکستان اور ایران کے مابین تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ کے کثیر مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔وزیر خارجہ نے توقع ظاہر کی کہ پاک ایران باڈر مارکیٹ کے جلد قیام سے دونوں ممالک یکساں مستفید ہوں گے ۔وزیرخارجہ نے بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستانی موقف کی مسلسل حمایت پر ایرانی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا ۔