پاکستان اور تاجکستان کا مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے پر اتفاق

22

دوشنبے،31مارچ   (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی تاجکستان کی وزارتِ خارجہ آمد ہوئی، جہاں  پاکستان اور تاجکستان کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی جبکہ تاجک وفد کی قیادت تاجک وزیر خارجہ مُہرالدین سراج الدین نے کی،مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  پاکستان اور تاجکستان کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔پاکستان اور تاجکستان کے مابین دو طرفہ تعلقات ،یکساں مذہبی، ثقافتی و تہذیبی اقدار کی بنیاد پر استوار ہیں۔

دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے اسے مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے مابین دو طرفہ تجارت کے فروغ کے حوالے سے بہت سے مواقع میسر ہیں جن سے مستفید ہونے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان،تاجکستان کو گوادر پورٹ کی صورت میں، جنوب مشرقی ایشیاء، مشرق وسطیٰ اور افریقہ تک رسائی کا مختصر راستہ فراہم کرتا ہے ،یہ بندرگاہیں  پاکستان اور تاجکستان کے مابین دو طرفہ تجارتی حجم میں اضافے کیلئے معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان، مشترکہ وزارتی کمیشن اور مشترکہ ورکنگ گروپس جیسے “ادارہ جاتی میکانزم” کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر خارجہ نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان اور تاجکستان کے مابین ہونیوالے پانچویں  دو طرفہ سیاسی مشاورتی اجلاس کے انعقاد سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں  تعاون کے فروغ کی راہ ہموار ہو گی۔

قبل ازیں بدھ کو وزارت خارجہ آمد پر تاجکستان کے وزیر خارجہ  سراج الدین مُہرالدین نے  شاہ محمود قریشی اور ان کے وفد کا پر تپاک خیر مقدم کیا۔وزیر خارجہ نے نویں ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس کانفرنس کی کامیاب میزبانی اور بہترین انتظامات پر تاجک وزیر خارجہ کو مبارکباد دی۔

سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور تاجکستان میں پاکستان کے سفیر عمران حیدر اور پاکستانی سفارت خانے کے سینیئر حکام وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے۔