وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ،  چیئرمین تاجک پارلیمنٹ ذاکرزادہ محمد طاہر ظاہر کا دو طرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے  پارلیمانی  روابط کے فروغ کی ضرورت پر زور

93

 

دوشنبے،31مارچ   (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے تاجک پارلیمنٹ ،مجلس نمائندگان کے چیئرمین ذاکرزادہ محمد طاہر ظاہر کیساتھ ملاقات کی، دوران ملاقات دو طرفہ پارلیمانی روابط کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ فریقین نے دو طرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے پاکستان اور تاجکستان کے مابین پارلیمان کی سطح پر روابط کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے مابین پارلیمانی سطح پر تعلقات کے فروغ کیلئے پہلے سے موجود “پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ” کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے  پاکستان اور تاجکستان کی پارلیمان کے مابین، ایشین پارلیمنٹری اسمبلی (APU )، انٹر پارلیمنٹری یونین (IPU) اور اقتصادی تعاون تنظیم کی پارلیمانی اسمبلی (PAECO ) جیسے اہم فورمز پر دو طرفہ روابط کو سراہتے ہوئے انہیں مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے چیئرمین مجلس نمائندگان کو قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے ماہ اپریل کے دوران پاکستان میں متوقع دوسری پارلیمانی جنرل کانفرنس میں شرکت کی دعوت کا اعادہ کیا۔

چیئرمین مجلس نمائندگان تاجکستان نے وزیر خارجہ کی جانب سے پاکستان میں منعقدہ پارلیمانی کانفرنس کی دعوت  کے اعادے کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔