کوہلو،02 مارچ(اے پی پی ): کوہلو میں نیشنل پارٹی کی جانب سے یوم بلوچ ثقافت پر تقریب کا اہتمام کیا گیا، جہاں شرکاء نے بلوچ ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے بلوچی دستار اور لباس زیب تن کئے ہوئے تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محراب بلوچ ، علی نواز مری و دیگر نے کہا کہ ثقافت کے ایام کو جوش و خروش سے منانا زندہ قوموں کی پہچان ہے، بلوچ ثقافت ہزاروں سال پرانی ہے بلوچ امن پسند،محبت کرنے والے بہادر لوگ ہیں جنہوں نے ہمیشہ امن و بھائی چارے کو فروغ دیا ،بلوچ قوم پاکستان افغانستان ایران سمیت دنیا بھر میں آباد ہیں جہاں صدیوں سے اپنی ثقافت ، رسم ورواج اور روایات کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔
مقررین نے شرکاء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اپنی ثقافت،روایات کو فروغ دے کر نئی نسل تک بطور امانت پہنچائے تاکہ ہزاروں سال قدیم رسم ورواج اور روایات کو زندہ رکھا جاسکے۔