شفاف سینیٹ انتخابات الیکشن کی ذمہ داری ہے، سینیٹ انتخابات میں ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے وقت کی کمی سے متعلق الیکشن کمیشن کی دلیل کمزور ہے،24گھنٹے میں ٹیکنالوجی فراہم کر سکتے ہیں، چوہدری فواد حسین

99

اسلام آباد۔2مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ شفاف سینیٹ انتخابات الیکشن کی ذمہ داری ہے، سینیٹ انتخابات میں ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے وقت کی کمی سے متعلق الیکشن کمیشن کی دلیل کمزور ہے،24گھنٹے میں ٹیکنالوجی فراہم کر سکتے ہیں۔وزیر اعظم کے ظہرانے میں 181میں سے 171ارکان نے شرکت کی۔ہمارے پاس ایک سو اکیاسی ممبران ہیں،ہماری فتح یقینی ہے۔حفیظ شیخ اور فوزیہ کی جیت اپوزیشن کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی۔منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ جو قانون ہم لے کر آئے وہی مسلم لیگ ن 2015 میں لے آئی لیکن ن لیگ کی نابالغ قیادت پیپلز پارٹی کی گود میں بیٹھ گئی اور اب دونوں اپوزیشن جماعتیں سینیٹ الیکشن کے حوالے سے اپنے موقف سے ہٹ چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کئی ممالک نے ووٹ کا معاملہ حل کر لیا ہے۔امریکہ اور بھارت میں بھی بیلٹ پیپرز کے حوالے سے اصلاحات کی جا چکی ہیں۔سپریم کورٹ نے رائے دی ہے کہ سینیٹ الیکشن میں ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔الیکشن کمیشن کہہ رہا ہے اب ٹیکنالوجی کے استعمال کا وقت نہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی یہ دلیل بہت کمزور ہے،حکومت نے ٹیکنالوجی کی معاونت کی پیش کش کی ہے۔صرف بیلٹ پیپر بانٹنا الیکشن کمیشن کا کام نہیں ،سافٹ ویئر دستیاب ہے اور شفاف الیکشن  کو اسے  بروئے کار لانا چاہیئے۔ایسے انتخابات ہوں کہ کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔فواد چوہدری نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی نابالغ قیادت مدرسے کے بچوں کے ذریعے انقلاب لانا چاہتی ہے۔سینیٹ کا الیکشن بڑا سیاسی معرکہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن ہمارے لئے محترم اور مقدم ہیں شفافیت کیلئے ہماری جدوجہد جاری  رہے گی۔انہوں نے توقع ظاہر کی الیکشن کمیشن سندھ میں ارکان کے اغوا کا نوٹس  لے گا۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کس حیثیت سے سیٹ چاہتی ہے ،پوری اپوزیشن مل کر بھی یہ سیٹ جیت نہیں سکتی،سوائے ہارس ٹریڈنگ کے۔امید ہے الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے گا۔شفاف سینیٹ انتخابات الیکشن کی ذمہ داری ہے۔