یوم پاکستان: ایبٹ آباد میں ایس او پیز کے تحت یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد

17

ایبٹ آباد،23مارچ (اے پی پی): ملک بھر کی طرح ضلع  ایبٹ آباد میں بھی ایس او پیز کے تحت یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد نہایت  جوش وجزبے  سے کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد محمد مغیث ثناءاللہ نے پرچم کشائی کی اور وطن کی سلامتی کے لیے دعا مانگی گئی۔

ڈی سی  مغیث ثناءاللہ نے اپنے پیغام میں شہریوں کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے  ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی سلامتی کے ساتھ ساتھ کورونا سے بچاؤ     اور اپنے پیاروں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام شہری کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں ،تاکہ ضلع ایبٹ آباد میں کورونا کے پھیلاؤ  کو روکنے میں مدد مل سکے۔

تقریب کے اختتام پریوتھ آفس ایبٹ آباد کے زیر انتظام قیام پاکستان کے حوالے سے مختلف کیٹگریز جن میں بیت بازی،  کوئز، گرافک  ڈیزائننگ، ویڈیو میکنگ، اور پورٹریٹ ڈیزائننگ شامل  ہیں  ان مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلبہ و طالبات اور شہریوں میں اعزازی شیلڈ پیش کی گئیں۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد سمیت  ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف، اسسٹنٹ کمشنر، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی افسران اور طلبہ نے شرکت کی۔