سعودی خواتین سیکیورٹی اہلکار بھی حرم پولیس میں شامل

245

مکہ المکرمہ،21 اپریل (اے پی پی): حج اور عمرہ کے دوران حرم شریف میں سیکیورٹی کے فرائض میں خواتین فورس بھی شامل ہوگئی۔ العربیہ ٹی وی کے مطابق خواتین سیکیورٹی اہلکار نے حرم شریف میں اپنے فرائض منصبی سنبھال لئیے۔

خواتین آفیسرز کا کہنا ہے کہ سلامتی کی صورتحال کو برقرار رکھنا ہمارا بنیادی مشن ہے جس میں مسجد الحرام آنے والوں کی مدد کرنا اور اپنی تربیت کو بروۓ کار لاتے ہوۓ مسجد الحرام میں ہجوم کا انتظام کرنا شامل ہے۔

 خواتین اہلکار کا کہنا ہے کہ “ہم [کوویڈ ۔19] احتیاطی تدابیر پر بھی توجہ دیتے ہیں اور ہم مسجد الحرام آنے والی تمام خواتین کو مدد فراہم کرتے ہیں”۔  ایک اور افسر نے بتایا کہ وہ ایک سپاہی ہے جس نے ریاض شہر میں ایک فوجی کورس میں داخلہ لیا تھا ، جہاں اس نےتربیت حاصل کی۔

 یاد رہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا وژن 2030 کا پروگرام سعودی عرب کی خواتین کو مختلف شعبوں میں آگے بڑھانے والی اصلاحات لا رہا ہے۔ فروری میں سعودی وزارت دفاع نے خواتین کی فوج میں شمولیت کا آغاز کیا تھا۔خواتین اب سعودی عرب کی بری، بحری فضائی، اسٹریٹجک میزائل فورس ، اور مسلح افواج کی طبی خدمات کے شعبے میں شامل ہونے کے لئے پورٹل کے زریعے درخواست دےسکتی ہیں۔