پاک سعودی تعلقات ہمیشہ سے تاریخی اور مستحکم رہے ہیں: لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر

185

ریاض،27 اپریل (اےپی پی): سعودی عرب میں تعینات ہونے والے نئے پاکستانی سفیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر نے کہا ہے کہ پاک سعودی تعلقات ہمیشہ سے تاریخی اور مستحکم رہے ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ مزید پائیدار بنیادوں پر استوار ہو رہے ہیں ۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں پاکستان ڈاکٹرز فورم کے ساتھ ہونے والی تعارفی ملاقات میں سفیر پاکستان لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر نے کہا ہے کہ ان کی ترجیہات میں پہلی ترجیح پاکستانی ورکرز کے مسائل کو حل کرنا ہے کیونکہ سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں جو دیار غیر میں رہ  کرپاکستان کی خدمت کر رہے ہیں اسکے علاوہ پاکستانی کیمونٹی کے ساتھ ملکر رفاعی سرگرمیوں کو جاری رکھا جائے گا۔ پاک سعودی تعلقات کے حوالے سے سفیر پاکستان نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات ہمیشہ سے اہمیت کے حامل رہے ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ بتدریج مستحکم ہو رہے ہیں ۔ پاکستان ڈاکٹرز گروپ کے صدر ڈاکٹر اسد رومی نے کہا کہ سعودی عرب میں سینکڑوں پاکستانی ڈاکٹر اپنے ہم وطنوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ایمبیسی میں سال بھر میں دو فری میڈیکل کیمپ لگائے جاتے ہیں اسکے علاوہ سال بھر پاکستانیوں کو فری طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ سفیر پاکستان لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر نے ڈاکٹرز کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے تعاون ہمیشہ جاری رہے گا۔