اسسٹنٹ کمشنر بورے والا کا محکمہ ہاوسنگ کے ہمراہ شہر کے وسط میں قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن

16

بورے والا، 22اپریل(اے پی پی): اسسٹنٹ کمشنر بورے والا کا محکمہ ہاوسنگ کے ہمراہ شہر کے وسط میں قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کرکے قومی شاہراہ ملتان روڈ چونگی نمبر 5 سے ملحقہ ایک ارب سے زائدکی کمرشل اراضی پر قائم مارکیٹ مسمار کرکے قیمتی سرکاری اراضی واگزار کروالی۔
بورے والا شہر کے وسط میں چونگی نمبر 5 ملتان روڈ سے ملحقہ کروڑوں روپے مالیت کی 4 کنال 10 مرلہ محکمہ ہاوسنگ اینڈ فزیکل پلاننگ کی سرکاری اراضی پر 35 سال سے زائد عرصہ سے مقامی بااثر قبضہ مافیا منظور بلوچ نے قبضہ کرکے اس جگہ پر کمرشل دوکانیں اور مارکیٹ بنا کر کرایہ پر دے رکھی تھی اسی دوران مذکورہ قبضہ گروپ نے اس قیمتی کمرشل سرکاری اراضی میں سے 2 کنال 10 مرلہ کو بلدیہ بورے والا کے عملہ کی ملی بھگت سے کچی آبادی ظاہر کروانے کے بعد اپنے نام منتقل کروا لی تھی۔ 2004 میں ایک مقامی شہری ابدال ڈوگر کی درخواست پر اعلی سطحی انکوائری کے بعد انتقال منسوخ کردیا گیا تھا اور اس میں ملوث بلدیہ کے افسران و اہلکاران کے خلاف مقدمہ بھی درج ہوا تھا لیکن اسکے باوجود بلدیہ حکام نے اس قبضہ مافیا کے خلاف کاروائی کی بجائے چشم پوشی اختیار کرلی تھی جسکے بعد منظور بلوچ نے عدالتوں سے حکم امتناعی بھی حاصل کرلیا تھا اب حکومت کی طرف سے ان قبضہ مافیا سے سرکاری زمینیں واگزار کروانے کے احکامات کی روشنی میں مقامی شہری محمد ابدال ڈوگر کی نشاندہی پر اسسٹنٹ کمشنر محمد عمر فاروق نے محکمہ ہاوسنگ کے عملہ،محکمہ مال۔میونسپل کارپوریشن اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے4کنال 10 مرلہ سرکاری جگہ پر تعمیر شدہ مارکیٹ رہائش گاہ کو مسمار کرکے قیمتی سرکاری اراضی واگزار کروالی واگزار کروالی گئی جگہ کی مالیت ایک ارب سے زائد بتائی جاتی ہے۔