تعلیمی اداروں میں کرونا  کیسز میں اضافہ ہوا تو اسکول بند کیے جاسکتے  ہیں ؛ ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی

23

کوئٹہ،15 اپریل (اے پی پی ):ترجمان حکومت بلوچسان لیاقت شاہوانی نے کہا کہ ملک بھر  کورونا کی تیسری لہر کی لپیٹ میں ہےگزشتہ ایک ہفتے کے دوران کورونا کے کیسز میں زیادہ اضافہ ہوا ہےاور اب چھوٹے  بچوں میں بھی کورونا کے کیسز سامنے آرہے ہیں۔

جمعرات کو  یہاں   ترجمان حکومت بلوچسان لیاقت شاہوانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کورونا کے کیسز میں زیادہ اضافہ ہوا ہے ایکٹو کیسز کی شرح بھی 9% فیصد تک پہنچ گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں بھی کیسز سامنے آرہے ہیں، سردار بہادر خان یونیورسٹی سمیت 4 اسکول بند کردیئے   گئے  ہیں  اور اگر تعلیمی اداروں میں کیسز میں اضافہ ہوا تو اسکول مکمل   بند کیے جاسکتے  ہیں۔انہوں نے  کہا کہ 6 ماہ بعد کورونا کے کیسز 100 سے اوپر ہوئے ہیں۔

 ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ دیگر صوبوں کی نسبت بلوچستان میں کورونا کی پھیلاو کی شرح کم ہے ،صوبائی حکومت شاپنگ مال سمیت بازاروں میں ایس او پیز کا جائزہ لے رہی ہے ۔انہوں  نے کہا کہ کرونا کی تیسری لہر بہت ہی خطرناک ہے اس حوالے سے تاجران سمیت علماء کرام سے گزارش ہے کہ وہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومت  کیساتھ   مکمل طور پر  تعاون کریں۔

 ایک سوال کے جواب میں ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ ایک مذہبی تنظیم کی جانب سے ملک بھر میں مظاہرے کیے گئے، مذہبی تنظیم کی جانب سے انتشار پھیلنے کی کوشش کو ہم سب کو نظر انداز کرنا چاہئے اور لوگوں کو مشتعل کرنے کا رحجان ہمارے ملک کے مفاد میں نہیں، وفاقی حکومت کی جانب سے ٹی ایل پی پر پابندی خوش آئند اقدام  ہے۔