اسلام آباد،2اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ راوی اربن سٹی منصوبہ پر رواںماہ کام میں تیزی آئے گی، پاکستان میں کرپشن اور بدعنوانی کا تعفن ہے جو چیخ چیخ کر این آر او مانگ رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ہر ماہ تعمیرات سے متعلق رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہیں اور تعمیراتی شعبہ میں پیشرفت کا جائزہ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں پانی کی زیر آب سطح میں کمی آئی ہے جو تشویشناک بات ہے، زیر زمین پانی گندا اور زہریلا ہونے کے باعث بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے، لاہور کے نواح میں بہنے والا دریائے راوی آلودگی کا شکار ہے، واٹر ٹریٹمنٹ کے ذریعے دریائے راوی کا پانی صاف کرنےکا منصوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بغیر کسی منصوبہ بندی کے آبادی میں اضافہ سے شہری مسائل پیدا ہوئے، حکومت نے ان مسائل سے نمٹنے کیلئے راوی اربن سٹی منصوبہ بنایا، یہ ماحول دوست منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ا س منصوبہ پر کام سے پہلے اس کے معاشی اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا، سابق صدر پرویز مشرف اور شہباز شریف نے بھی اس منصوبہ پر کام کرنے کی کوشش کی لیکن وہ اس میں ناکام رہے، وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں نیا شہر تعمیر کرنے کا منصوبہ سوچا اور اس کیلئے ڈٹ کر کھڑے ہو گئے، اس منصوبہ پر 20 اپریل سے باقاعدہ کام شروع ہو گا، 2 انٹرچینج بنیں گے، اس منصوبہ کی سڑکوں پر کام شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ سے 150 ارب روپے کی معاشی سرگرمیاں ہوں گی، اس میں تعمیرات کے شعبہ سے منسلک صنعتوں اور ثانو ی صنعتوں کو فروغ ملے گا، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور ملکی معیشت ترقی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان راوی اربن سٹی منصوبہ کا جائزہ لینے کیلئے جلد لاہور کا دورہ کریں گے۔











