یو این ایچ سی آر نے خیبر پختونخوا ایمرجنسی ریسکیوسروس ( ریسکیو 1122 ) کو 97 ملین لاگت کی 14 جدید ترین ایمبولینسز فراہم کردیں

44

پشاور ، 2 اپریل(اے پی پی ): یو این ایچ سی آر کے ریجنل ڈائریکٹر برائے ایشیاء اینڈ پیسیفک انڈریکا راتوٹ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہ کہا کہ صوبائی حکومت کو ایمبولینسوں کا تحفہ ان کی بہترین کاوشوں کو سراہنا ہماری یکجہتی کا مظہر ہے جو مہاجرین کی آمد کے بعد ان کو فراہم کردہ سہولیات کا مظہر ہے اور اسی لیے ہم امید کرتے ہیں کہ یہ ایمبولینسز صوبہ خیبر پختونخوا میں گھروں کی دہلیز پر بروقت اوربہترین پیشہ وارانہ خدمات فراہم کرنے والے ادارے ریسکیو 1122 کی استعداد کار بڑھائیں گے ۔ خاص طور پران علاقوں کے لوگوں کے لیے جن کو کسی بھی ہنگامی یا طبی حالات میں سہولیات کی ضرورت ہو ۔ اس موقع پر سیکرٹری محکمہ آباد کاری و بحالی نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے بھر کے ہر فرد کو طبی امداد فراہم کر نے کا عزم رکھتی ہے اور اسی لیے صوبے بھر میں ریسکیو 1122 کو وسعت دی گئی جس کی وجہ سے عوام الناس کو ان کی دہلیز پر خدمات جاری ہیں ۔ اور دوست وہی ہے جو مشکل وقت میں ساتھ دے اسی لیے میں صوبائی حکومت کی جانب سے یو این ایچ سی آر انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جنہوں نے اس مشکل وقت میں ہماری مدد کرتے ہوئے 14 نئی ایمبولینسز فراہم کیں جو کورونا وائرس سمیت ہر قسم کی ایمرجنسی کے دوران خدمات فراہم کریں گی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر خطیر احمد نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی سروسز اس وقت صوبے کے 32 اضلاع میں موجود ہیں جبکہ یو این ایچ سی آر کی جانب سے فراہم کی گئیں 14 ایمبولینسوں کو صوابی ، تیمر گرہ ، ہنگو ، چارسدہ ، چترال ، ڈی آئی خان، لکی مروت ، بونیر ، کوہاٹ ، مانسہرہ ، ہری پور اور دیگر اضلاع میں تعینا ت کیا جا ئیگا ۔

پشاور میں یو این ایچ سی آر کے ہیڈ آف سب آفس برنارڈ انکوم نے بھی ریسکیو1122 کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران جس طرح اس ادارے نے قواعد و ضوابط کو اپناتے ہوئے جس طریقے سے خدمات فراہم کی وہ قابل ستائش ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ یو این ایچ سی آر خیبر پختونخوا کی ہنگامی خدمات کے ساتھ کھڑا ہے پاکستان کے عوام نے جس یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کورونا وائرس کے خلاف ایک ہو کر شکست دی وہ دنیا کے لیے معشل راہ ہے۔ انہوں نے کہ صوبائی حکومت نے افغان مہاجرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کیں جس کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ہیلتھ سیکرٹری مسٹر افضل اکبر نے یو این ایچ سی آر کی کاوشوں کا خیرمقدم کیا اورپاکستان میں میزبان برادریوں کی حمایت کے لئے یو این ایچ سی آر اور عالمی برادری کا شکریہ ادا کیا اور کہا یو این ایچ سی آر اور حکومت خیبر پختونخوا کی پائیدار شراکت میں یہ ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا ۔ اس سے قبل بھی ادارے نے 5 ایمبولینسز فراہم کیں جن کو بھی ریسکیو 1122 کے حوالے کر دیا گیا ۔