قانون کی بالادستی اور رٹ آف دی سٹیٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا:عثمان بزدار

28

لاہور 13اپریل(اے پی پی): وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر انتظامی سربراہان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شاہراہوں اور راستوں میں ٹریفک بحال کرنے پر انتظامیہ کی حوصلہ افزائی کی اور مظاہرین کی وجہ سے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پولیس اہلکاروں کی فرض شناسی کو سراہا اور انتظامیہ اور پولیس کو قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ قانون کی بالادستی اور رٹ آف دی سٹیٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، راستے بند کرنے سے عوام خصوصاً بوڑھوں، بیماروں اور خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، راستوں کی بندش کی وجہ سے عوام کو جو تکلیف اٹھانا پڑی، ذاتی طور پر معذرت خواہ ہوں، عوام کو پریشان نہیں دیکھ سکتا، راستے بند کرنا قابل مذمت اقدام ہے، جس کسی نے قانون ہاتھ میں لیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، معمولات زندگی کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال کی ذاتی طور پررات بھر سے مانیٹرنگ اوراحکامات جاری کر رہا ہوں، پولیس اورانتظامیہ کی بروقت کارروائیوں سے بیشتر راستے بحال ہوچکے ہیں، معمولات زندگی کی مکمل بحالی تک نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔