اسلام آباد،20اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان حضور نبی پاکﷺ کے فیضان سے وجود میں آیا ہے، حضورﷺ سے جو تعلق عمران خان کا ہے وہ کسی پیر یا مولوی کا نہیں ہے، اس تعلق کو کوئی چیلنج نہیں کر سکتا، وزیراعظم عمران خان نے او آئی سی اور اقوام متحدہ سمیت دنیا کے ہر فورم پر ناموس رسالتﷺ کی بات کی، وزیراعظم نے 28 ارب روپے مالیت کے رحمت اللعالمین وظائف کا اجراءکیا۔ یہ حضور پاکﷺ سے ان کی محبت کا واضح ثبوت ہے۔
منگل کو قومی اسمبلی میں قرارداد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ایک تنظیم کے لوگ سڑکوں پر نکل آئے، کئی سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے ان کا ساتھ دیا۔ حکومت اور اپوزیشن کے طور پر ہم سب کا یہ فریضہ ہے کہ ان کا مؤقف سنا جائے اور ایک ایسا راستہ اختیار کیا جائے جہاں خون بہانے کی بجائے معاملات ایوان میں طے کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں پیش کی جانے والی قرارداد اس ارادے، سوچ اور فکر کی آئینہ دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت پر اللہ کا فرمان ہے کہ نبیﷺ کی ذات اور شخصیت تمام اہل ایمان کی جانوں سے بڑھ کر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریمﷺ نے فرمایا ہے کہ کوئی اس وقت تک مومن نہیں ہو سکتا جس کو مجھ سے محبت اپنے والدین اور اولاد سے بڑھ کر نہ ہو۔ قائداعظم بھی سچے عاشق رسول ؐتھے۔ یہ ہاؤس ختم نبوت ؐکا کسٹوڈین ہے۔ ناموس رسالتﷺ کا محافظ ہمارا آئین ہے اور اس آئین کی تشکیل کے لئے ذوالفقار علی بھٹو اور مولانا مفتی محمود سمیت دیگر اکابرین نے گراں قدر کردار ادا کیا۔ عمران خان نے او آئی سی، اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر ناموس رسالتؐ کا معاملہ اٹھایا۔ اس حوالے سے اور بھی کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو حضورﷺ سے تعلق عمران خان کا ہے وہ نہ کسی پیر کا ، نہ کسی مولوی کا ہے۔ اس تعلق کو کوئی چیلنج نہیں کر سکتا۔ حضورﷺ کی ناموس کے لئے سفارتی اور اکیڈمک سطح پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ممتاز قادری کو جب پھانسی دی جارہی تھی فیض آیاد میں 22 لوگوں پر گولیاں چلائی گئیں۔ حالات کی ستم ظریفی ہے کہ یہ لوگ بھی نعرے لگانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مدینہ شریف میں ننگے پیر کوئی اور نہیں چلا، عمران خان چلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے حال ہی میں 28 ارب روپے مالیت کے رحمت اللعالمینؐ وظائف کا اجراءکیا۔ یہ حضور پاکﷺ سے ان کی محبت کا واضح ثبوت ہے۔