ملتان،30اپریل (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا ہے کہ یوم علی کرم اللہ وجہہ ہر مسلمان کے لئے ایک تعظیم،عقیدت اور احترام کا دن ہے،وقت کا تقاضا ہے کہ امسال یوم علی کرم اللہ وجہہ مختلف انداز سے منایا جائے۔
یوم علی کرم اللہ وجہہ کے سلسلے میں رضا ہال میں عزاداری کے لائسنس داران سے خطاب میں ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ یوم علی کرم اللہ وجہہ ،شب قدر، جمعة الوداع اور اعتکاف کے حوالے سے حکومت کی گائیڈ لائنز پر عمل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ یوم علی کرم اللہ وجہہ کے جلوسوں کے منتظمین سے اپیل ہے کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گزشتہ دو سال سے پوری دنیا کی طرح پاکستان بھی کورونا وباء سے نبرد آزما ہے، پوری قوم کو انتہائی غیر معمولی حالات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملتان کورونا وائرس کی شرح کے حوالے سے چوتھے نمبر پر ہے ، اس گھمبیر صورتحال کے پیش نظر پاک فوج کو مدد کے لئے طلب کیا گیا ہے،حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں اجتماعات پر پابندی عائد کررکھی ہے ۔
علی رضا گردیزی،سید مظہر گیلانی، خاور شفقت بھٹہ،مزین عباس چاون اور سید اصغر نقوی سمیت اے ڈی سی جی قمرالزمان قیصرانی،پولیس اور پاک فوج کے افسران بھی موجود تھے۔











