حکومت ہر شہر کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے؛ وزیر اعلی عثمان بزدار کی صوبائی وزراء اوراراکین قومی و صوبائی اسمبلی  سے  ملاقات میں گفتگو

14

لاہور، 5 مئی(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا  ہے کہ حکومت ہر شہر کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفرمزید تیزکریں گے۔

ان خیالات کا اظہار  انہوں نے بدھ کو یہاں صوبائی وزراء اوراراکین قومی و صوبائی اسمبلی  سے  ملاقات کے دوران کیا، وزیراعلیٰ نے منتخب نمائندوں کے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پرہی احکامات جاری کرتے  ہوئے کہا کہ  منتخب نمائندوں کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا،ہر ضلع کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کیا گیا ہے جس میں منتخب نمائندوں کی تجاویز کو اہمیت دی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ  نے کہا  کہ  صوبے کی عوام کو ریلیف دینے کے لئے اربوں روپے کا رمضان پیکیج دیا ہے،رمضان پیکیج کے ثمرات سے عوام مستفید ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ  پی ڈی ایم کی منفی سیاست ختم ہوچکی ،عوام صرف ترقی اورخوشحالی چاہتی ہے، عوام کو افراتفری کی سیاست سے کوئی سروکارنہیں۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب ہر لحاظ سے دیگر صوبوں کے مقابلے میں آگے ہےجبکہ  حکومت اپنی کارکردگی کی بنا پر مدت پوری کرے گی اورعام انتخابات 2023ء میں ہوں گے۔

وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر زراعت سید حسنین جہانیاں گردیزی، معاون خصوصی امیر محمد خان، اراکین قومی اسمبلی چوہدری عامر سلطان چیمہ، محمد افضل خان ڈھانڈلہ،اراکین پنجاب اسمبلی غضنفر عباس چھینہ،محمد عامر عنایت شہانی،جاوید کوثر،مسرت جمشید چیمہ اورمحمد لطیف نذر شامل تھے۔