سکھر: بلڈ بینک ہسپتال کیجانب سے موٹروے افسران و جوانوں کو کم نرخوں پر بہتر علاج مہیا کرنے کیلئے ایم او یو پر دستخط

81

سکھر،07مئی (اے پی پی ):موٹروے پولیس کے جوانوں کو صحت کی معیاری اور سستی سہولیات کے لئے سکھر موٹر وے سیکٹر اور سکھر بلڈ بینک ہسپتال کے مابین ایم او یو دستخط کرلیے گئے ہیں۔ ایم او یو کے مطابق سکھر سیکٹر کے تمام افسران و جوانوں کو سکھر بلڈ بینک ہسپتال کم نرخوں پر بہتر علاج مہیا کرے گا۔

اس حوالے سے ایس پی موٹر وے سکھر جاوید اقبال چدھڑ نے کہا کہ  افسران و جوانوں کی صحت کا خیال موٹر وے پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ملک میں کرونا وائرس کی وباءکے دوران موٹر وے پولیس کے افسران و جوانوں کی جانب سے ذمہ دارانہ ڈیوٹیاں سرانجام دی جا رہی ہیں اور موجودہ حالات کے پیش نظر آئی جی موٹر وے سید کلیم امام کی خصوصی ہدایات پر پورے ملک کی طرح سکھر میں بھی صحت کے حوالے سے موٹر وے پولیس کے لئے بروقت معیاری اور کم نرخوں پر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں، اس سلسلے میں ایس پی موٹر وے سکھر سیکٹر جاوید اقبال چدھڑ اور سکھر بلڈ بینک انتظامیہ کے مابین ایم او یو سائن کیا گیا، جس کی ایک سادہ اور چھوٹی سی تقریب بلڈ بینک ہسپتال میں کرونا ایس او پیز کے تحت منعقد کی گئی۔

تقریب کے اختتام پر ایس پی موٹر وے سکھر سیکٹر این فائیو نے سکھر بلڈ بینک ہسپتال کے دیگر شعبوں کا دورہ بھی کیا خصوصاََ تھیلسیمیا جیسی موذی بیماری میں مبتلہ بچوں کے علاج اور دکھی انسانی خدمت پر بلڈ بینک ہسپتال کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے موٹروے پولیس کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔