صدر مملکت کا کورونا وائرس سے متعلق حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار،عوام سے ویکسین لگانے کی اپیل

16

کراچی،15مئی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کورونا وائرس سے متعلق حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر عوام نے اچھے طریقے سے ایس او پیز پر عمل کیا جو کہ حکومت کی حکمت عملی کی کامیابی ہے۔

ان خیالات کا اظہار صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی  نے ہفتہ کو یہاں گورنرہاؤس میں کورونا وائرس سے متعلق حکومتی اقدامات پر اعلی سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔صدر مملکت نے  کہا کہ حکومت اور عوام باہمی تعاون سے جلد اس وبا پر کنٹرول حاصل کر لیں گے، کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کا واحد طریقہ ایس او پیز کے مطابق معمولات زندگی گزارنا ہے۔  انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے عوام ویکسین ضرور لگوائیں، اسی ہی میں ہم سب کی بھلائی ہے ۔

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ عید کے ایام میں عوام نے انتہائی احتیاط کا مظاہرہ کیا جو قابل ستائش ہے، ماسک ، سینیٹائزرز اور سماجی فاصلے پر عملدرآمد سے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکا جاسکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق وفاقی حکومت کے اقدامات خوش آئند ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے اجلاس میں کورونا وائرس سے متعلق حکومتی اقدامات میں پیش رفت اور مستقبل کی حکمت عملی کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے بہترین اقدامات کے باعث کورونا وائرس میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر علی حیدر زیدی ،سینیٹر سیف ابڑو،رکن قومی اسمبلی جے پرکاش، اراکین صوبائی اسمبلی فردوس شمیم نقوی ، حلیم عادل شیخ ، خرم شیر زمان ، بلال غفار ، سعید آفریدی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔