ملتان؛ڈپٹی کمشنر کا سوشل میڈیا پر وائرل جوتے مرمت کرنیوالے طور خان المعروف سیف الرحمان کو جرمانہ کرنےکی خبر کا نوٹس

20

ملتان، 15مئی(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے  سوشل میڈیا پر وائرل جوتے مرمت کرنیوالے  طور خان المعروف سیف الرحمان کو جرمانہ کرنےکی  خبر کا نوٹس لے لیا۔ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اے سی سٹی خواجہ عمیر ایم ڈی اے کے قریب تھڑے پر مزدوری کرنیوالے طور خان کے پاس پہنچ گئے اور سیف الرحمان سے جرمانے بارے وائرل خبر کی صداقت بارے دریافت کیا، طور خان نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ جرمانہ مجھے نہیں ہوا،میرے ساتھ واقع جوتوں کی دکان کے مالک میرے بھائی کو ہوا ہے،  میرے بھائی کو لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے اور دکان کھولنے پر5 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے اس موقع طور خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے حکومت نے لاک ڈاون پر عملدرآمد کے لئے سخت اقدامات کا حکم دے رکھا ہے لیکن اس کے باوجود دکان کو سیل کرنے یا گرفتاری کی بجائے صرف جرمانہ پر اکتفاء کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی کوششوں ہوتی ہے کہ لاک ڈاون سے دیہاڑی دار مزدور طبقہ متاثر نہ ہو اور وہ اپنا روز گار کما سکیں۔

  یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر خبر وائرل ہوئی تھی کہ ضلعی انتظامیہ نے جوتے مرمت کرنیوالے طور خان کو پانچ ہزار روپے جرمانہ کر دیا ہے، وائرل خبر کے نتیجے مختلف افراد کی طرف سے طور خان کی مالی مدد کی پیش کش کی خبریں بھی سامنے آئیں تھیں۔

طور خان نے اس  پر کہا کہ وہ ایک خود دار شخص ہے اور کسی سے مالی امداد کی بجائے محنت مزدوری کرکے اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پالنے پر یقین رکھتا ہے۔