قومی اسمبلی کی فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت ،متفقہ قرارداد کی منظوری

16

اسلام آباد،17مئی(اے پی پی):اجلاس کے آغاز پر سپیکر قومی اسمبلی  اسد قیصر نے کہا کہ آج کا دن فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منائیں گے۔ جو ظلم و بربریت ہو رہی ہے ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورا ایوان اس معاملے پر متفق ہے۔ سپیکر کے کہنے پر وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابراعوان ایڈووکیٹ نے یکے بعد دیگرے وقفہ سوالات اور ایوان کی معمول کی کارروائی معطل کرانے کے حوالے سے دو تحاریک پیش کیں جن کی قومی اسمبلی نے منظوری دے دی۔

قومی اسمبلی نے فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایک متفقہ قرارداد کی منظوری دی ہے جس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فلسطین پر اسرائیلی ظلم وبربریت کو رکوانے کے لئے فی الفور اپنا کردار ادا کریں، فلسطینیوں کی نسل کشی، ان کی اپنے علاقوں سے جبری بے دخلی اور فلسطین کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے عمل کو فی الفور روکا جائے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اسرائیلی حکومت کی جانب سے فلسطینی عوام کے خلاف نسل کشی کے جرم کی تحقیقات کے لئے آزادانہ انکوائری ٹریبونل قائم کریں۔

اسمبلی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان اسرائیل کی طرف سے فلسطین کے عوام پر ظلم و بربریت پر سخت تشویش کا اظہار کرتا ہے اور نہتے فلسطینی عوام پر منظم ظلم و جبر اور بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ قرارداد میں پاکستان کی جانب سے بہادر فلسطینی عوام کی غیر متزلزل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ قرارداد میں شہداءکے خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور زخمیوں کے لئے جلد صحت یابی کی دعا کی گئی۔ قومی اسمبلی نے قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس منگل کی سہ پہر 4 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں معمول کا ایجنڈا معطل کرکے فلسطین پر اسرائیلی بربریت پر بحث ہوئی جبکہ فلسطین پر اسرائیلی بربریت کے خلاف مذمتی قرارداد بھی منظور کی گئی