وزیراعلیٰ سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی ملاقاتیں، حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے احکامات جاری

13

لاہور، 17مئی (اے پی پی): وزیراعلیٰ عثمان بزدارسے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ آفس میںپیر کو ملاقاتیں کیں جس میں منتخب نمائندوں کے علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت، فلاح عامہ کی نئی سکیموں اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منتخب نمائندو ں کے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندوں کے مسائل کو ذاتی سمجھ کر حل کرتاہوں۔میرے دروازے آپ سب کیلئے کھلے ہیں اور عوام کی خدمت کے لئے ہر وقت حاضر ہوں۔ منتخب نمائندوں کی تجاویز کو پوری اہمیت دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی ہر سطح پر مانیٹرنگ کا میکانزم بنا لیا ہے۔ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کے خاطرخواہ نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس میں لوٹ مار قصہ پارینہ ہے، پنجاب میں کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہ کی ہے، نہ ہوگی۔ پنجاب کا مینارٹی ایمپاورمنٹ پیکیج دوسرے صوبوں کیلئے قابل تقلید اقدام ہے۔ گردواروں، مندروں اورگرجا گھروں کی تعمیرو مرمت کیلئے فنڈز مختص کر دیئے ہیں۔اقلیتی برادری کے مذہبی مقامات پر ضروری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا غیر فطری اتحاد پی ڈی ایم اپنی موت آپ مر چکا ہے اور اپوزیشن کا آئندہ کی سیاست میں کوئی مستقبل نہیں۔پی ڈی ایم بند کمرے تک محدود ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی دیانتداری اورپی ٹی آئی حکومت کی شفافیت پر کوئی انگلی نہیں اٹھاسکتا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں رکن قومی اسمبلی شنیلہ روتھ، اراکین پنجاب اسمبلی احمد خان، رضا حسین بخاری، امین ذوالقرنین، شہباز احمد، طلعت فاطمہ نقوی اور ٹکٹ ہولڈر شوکت بسرا شامل تھے۔

اے پی پی/لاہور/فرح