پاکستان اور ترکی نے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مل کر آواز اٹھانے اور  رہنما اصول اور تجاویز مرتب کرنے پر اتفاق کیا ہے، سپیکر قومی اسمبلی

30

اسلام آباد،17مئی (اے پی پی):پاکستان اور ترکی نے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مل کر آواز اٹھانے اور اس سلسلے میں رہنما اصول اور تجاویز مرتب کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ پیر کو سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے ترک ہم منصب مصطفی سینتوپ سے ٹیلی فون پر بات کی جس میں دونوں رہنماﺅں نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف مل کر آواز اٹھانے پر اتفاق کیا۔

سپیکر نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر اور رمضان المبارک میں فلسطین پر پرتشدد کارروائی غیر انسانی ہے، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے، اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف ہم نے او آئی سی ممالک کو خطوط بھی لکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں سے غزہ جل رہا ہے۔ عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں سینکڑوں افراد شہید ہو چکے ہیں اور سینکڑوں افراد زخمی اور بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے ترک ہم منصب کو او آئی سی کی پارلیمانی تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی بھی دعوت دی اور کہا کہ ترکی کا مسلم ممالک میں کردار انتہائی اہم ہے۔ ہمیں مل کر رہنما اصول اور تجاویز مرتب کرنا ہوں گی۔