نوجوانوں کی پیشہ وارانہ تربیت کیلئے وزیراعظم عمران خان کی ذاتی خواہش پر 10 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، شفقت محمود

9

اسلام آباد،25مئی  (اے پی پی): وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، نوجوانوں کی پیشہ وارانہ تربیت کیلئے وزیراعظم عمران خان کی ذاتی خواہش پر 10 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، منگل کو وہ نیشنل اسکلز یونیورسٹی میں وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام کے تحت 10 ارب روپے مالیت کے سکلز سکالرشپ پروگرام اور 100 ارب روپے مالیت کی قرض اسکیم سے مستفید ہونے والے جوانوں میں سرٹیفکیٹ اور چیکس کی تقسیم کرنے کی تقریب سے  وہ بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے ذریعہ نوجوان قرضے لے رہے ہیں اور اپنا کاروبار شروع کر رہے ہیں،  وزیراعظم عمران خان کی ذاتی خواہش پر نوجوانوں کی تربیت کے لیے10ارب مختص کیے گئے ہیں۔  کامیاب جوان ایک بہت بڑا پروگرام ہے جس میں وزیراعظم نے بہترین اور عالمی معیار کی افرادی قوت کی تیاری کیلئے ہدایت کی ہے، لیبز کو اپ گریڈ کیا جائےگا۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل سکل یونیورسٹی اڑان بھر رہی ہے،  یہ کیمپس ویران جنگل ہوا کرتا تھا،  چاہتے ہیں کہ یہ یونیورسٹی ملک کا بہترین اور ماڈل ادارہ بنے،  وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ سکلز کو ساتھ لے کر چلیں۔  اس یونیورسٹی میں ڈاکیومنٹری اور فلم میکنگ کے لئے جگہ مختص کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری لیبز کی اپ گریڈیشن بہت ضروری ہے کیونکہ ہمارے لیب میں مشنری بہت پرانی ہے،  اس سلسلے میں حکومت غیرملکی اشتراک کی کوشش کررہی ہے  تا کہ  نوجوان  جدید ٹیکنالوجی  سے استفادہ حاصل کرسکیں گے۔  شفقت محمود نے کہا کہ ایک لاکھ ستر ہزار لوگوں کو مختلف ہنرز کی پیشہ وارانہ تربیت دی جارہی ہے۔ چاہتے ہیں کہ اس پروگرام کے تحت لاکھوں لوگوں کو تربیت دی جائے۔ انہوں نے اس موقع پر پروگرام کے تحت قرضے حاصل کرنے والے نوجوانوں کو مبارکباد دی۔

اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر امور نوجوانان عثمان ڈار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرٹیفیکٹ اور قرضہ  لینے والے طلبا  کو  مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ آج وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر خاص مقصد کے لئے آیا ہوں  کہ نوجوانوں سے ملا جائے  ۔کامیاب جوان پراگرام کے تحت ہم کاروبار کے لئے پیسے دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ٹیکنیکل  سکلز دے رہے ہیں، اس سے بھی نوجوانوں کو روزگار حاصل ہو گا. ٹائیگر فورس بھی اسی کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل آٹومیشن میں بچیوں کا ہونا خوش آئند ہے ہر سال جاب مارکٹ میں بیس لاکھ نوجوان آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ملک میں پہلی مرتبہ نوجوانوں کے لئے ٹاسک فورس بنائی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہمیشہ نوجوانوں کو قیمتی اثاثہ کہا ہے، حکومت نوجوانوں کیلئے ساز گار ماحول فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے, نوجوانوں کو ایمپاور کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔