وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت ایجوکیشن سیکٹر،  ہائر سیکنڈری اسکولز کے قیام اور لو کاسٹ ہاؤسنگ سکیم سے متعلق امور پر پیشرفت کے حوالے سے اجلاس 

28

کوئٹہ24 مئی(اے پی پی پی ) : وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے ہدایت کی ہے کہ بجٹ 2021 -22 کا پہلا ڈرافٹ 04  جون کو پیش کیا جائے یہ ہدایت انہوں نے ہائر ایجوکیشن سیکٹر، اضلاع میں ہائر سیکنڈری اسکولز کے قیام اور لو کاسٹ ہاؤسنگ سکیم سے متعلق امور پر پیشرفت کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے دوران دی۔اجلاس  کو متعلقہ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہائر ایجوکیشن کی 11  اسکیمات منظور ہو چکی ہیں متعلقہ حکام نے  سیکنڈری ایجوکیشن سیکٹر کی مجوزہ  ترقیاتی اسکیمات اور  کم لاگت پر مشتمل گھروں کی تعمیر کے مجوزہ منصوبے اور روڈ سیکٹر کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بھی اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ امور کی بہتر انجام دہی کے لیے عدم مرکزیت ناگزیر ہے اور  اچھے گورننس کے لیے محکموں کو ان کی ترقیاتی اسکیمات کی اونرشپ لینی چاہیے۔انہوں نے ہدایت کی کہ کالجز کی تعمیر میں تمام وہ جزئیات جو ضروری نوعیت کے ہیں ان کی جلد تکمیل پر توجہ دی جائے اور بہتر ہیومن ریسورس کی فراہمی کے لیے ریکروٹمنٹ پالیسی میں بھی تبدیلیاں کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کے ای لرننگ، ٹیلی ایجوکیشن، کالجوں اور سکولوں کو انٹرنیٹ کی سہولت کی فراہمی اور آن لائن کورسز کو بھی پی سی ون کا حصہ بنایا جائے۔ وزیراعلی نے کہا کہ ڈویژنل سطح پر معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے ریزیڈنشل ماڈل ہائی سکولوں کے قیام کو بھی عمل میں لایا جائے تاکہ ڈویژنل سطح پر بھی کوالٹی ایجوکیشن کا حصول ممکن ہو سکیں۔اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری اربن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ و کیو ڈی اے مبین خان خلجی، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن محمد ھاشم غلزئی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔