اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے بے گناہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی فورسز کی وحشیانہ سرگرمیوں کو بے نقاب کیا، وزیر اعظم عمران خان نے تمام بین الاقوامی فورموں پر کشمیریوں کی آواز بلند کی، عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی پالیسی بالکل واضح ہے، حکومت مسئلہ کشمیر پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی، ہم کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خطے کے امن و سکون کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، پاکستان نے افغانستان سے بہت کچھ سیکھا ہے، ہم مستقبل میں غلطی کو نہیں دہرائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں شہریار خان آفریدی نے کہا کہ دنیا میں ہر ملک کی اپنی خارجہ پالیسی اور حدود و قیود ہوتی ہیں، پاکستان کے عرب ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو مزید تاخیر کے بغیر حل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حقوق دیئے جائیں۔