ڈپٹی کمشنر گھوٹکی کا ٹرین حادثے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار

45

گھوٹکی ،6جون(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر گھوٹکی کا ٹرین حادثے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار، ضلع بھر کی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، افسوسناک حادثے میں 40 کے قریب مسافر جاں بحق اور 100 کے قریب زخمی ہوگئے جن کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا. تفصیلات کے مطابق ٹرین حادثہ اوباوڑو میں ریتی ریلوے اسٹیشن کے قریب پیر کی صبح کو پیش آیا واقع کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر گھوٹکی اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلداروں اور ریسکیو ٹیم سمیت صبح کو 5 بجے جائے وقوع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اس سے قبل مقامی لوگ اور رضاکار اپنی مدد آپ کے تحت حادثے کے شکار مسافروں کی مدد کر رہے تھے. افسوسناک واقع پر ڈپٹی کمشنر گھوٹکی محمد عثمان عبدﷲ نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی صدمہ پہنچا ہے، ضلعی انتظامیہ متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتی ہے اور ان کے لئے دعاگو ہے. اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوع پر پہنچ کر ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا گیا اس سلسلے میں جائے وقوع پر میڈیکل کیمپ قائم کرکے ڈاکٹرز کی ڈیوٹیاں بھی لگائی گئیں تاکہ بوگیوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو فوری طور پر فرسٹ ایڈ دی جاسکے جبکہ ضلع بھر کہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، انہوں نے بتایا کہ بوگیوں کے آپس میں ٹکراؤ کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنہ کرنا پڑا، صنعتی اداروں سے فوری طور پر ہیوی مشینری طلب کی گئی، راستوں کی دشواری کی وجہ سے مشینری پہنچنے میں دیر ہوئی تاہم مشینری سے ریسکیو آپریشن میں تیزی آئی اور کئی زخمیوں کو نکالا گیا. انہوں نے بتایا کہ مسافروں کے لئے ٹرانسپورٹیشن کا بندوبست کرکے انہیں اپنی منزل کی طرف روانا کیا گیا ہے جبکہ حادثے میں فوت ہوجانے والے مسافروں کی لاشوں کو شناخت کے بعد لواحقین کے حوالے کرنے کا سلسلہ جاری ہے. ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حادثے کے دوران 40 کے قریب مسافر جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ 100 کے قریب مسافر زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 45 زخمیوں کو شیخ زید ہسپتال رحیمیار خان منتقل کیا گیا ہے تاہم 12 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے. انہوں نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کے دوران گھوٹکی کے لوگوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ زندہ دل ہیں جو کہ لوگوں کے دکھ درد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، جس طرح مقامی لوگوں نے مسافروں کی مدد کی ہے وہ قابل ستائش ہے جس پر وہ گھوٹکی کی عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں. یاد رہے کہ پیر کہ صبح کو کراچی سے سرگودھا جانے والی ملت ایکسپریس کی بوگیاں پٹڑی سے اتر کر ڈاؤن ٹریک پر جا گریں اور راولپنڈی سے آنے والی سرسید ایکسپریس ان سے ٹکرا گئی۔