ملتان، 09 جولائی (اے پی پی ):گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ صوبہ کے ہر شہری کو صاف پانی کی فراہمی ان کا خواب ہے، آب پاک اتھارٹی کے تحت اس سال31دسمبر تک پنجاب کے75 لاکھ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے اوراس مقصد کے لئے صوبہ میں پانی کے 1500 منصوبے شروع کئے گئے ہیں ۔
وہ آب پاک اتھارٹی کے تحت گلگشت ملتان میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پانی اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے جس کے بغیر زندگی ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں میں بھی صاف پانی کے منصوبے شروع کئے گئے لیکن وہ کرپشن اور بدانتظامی کی نظر ہو گئے اور منصوبوں کو فعال رکھنے کے لئے پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے آج 80 فیصد پلانٹ بند پڑے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ آب پاک اتھارٹی کے تحت صوبے میں سیاست سے بالا تر ہو کر منصوبے شروع کئے جارہے ہیں،وزیر اعظم، وزیراعلی پنجاب اور اپوزیشن پارٹیوں کے حلقوں میں بلا امتیاز واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے بالکل ویسے جس طرح وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وباءکے موقع پر 200 ارب روپے غریب افراد میں سیاست سے بالا تر ہو کر تقسیم کئے۔
چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ملتان میں صاف پانی کے منصوبے شروع کرنے کے لئے مخیر حضرات پر مشتمل کنسورشیم تشکیل دے دیا گیا ہے اور ملتان میں بند ہونے والے تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس کو فعال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ خواجہ جلال الدین رومی ملتان میں صاف پانی کے منصوبے شروع کرنے کے حوالے سے لیڈنگ رول ادا کررہے ہیں۔انہوں نے ڈسٹرکٹ جیل اور دیگر مقامات پر واٹر فلٹریشن پلانٹس لگانے میں اہم کردار ادا کیا۔گورنر نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے ایک صحت مند معاشرہ قائم کیا جا سکتا ہے۔
وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹراختر ملک نے اس موقع پر خطاب میں کہا کہ صاف پانی کے منصوبے شروع کرنے پر جنوبی پنجاب کی عوام کی طرف سے گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ بجلی پر چلنے والے واٹر فلٹریشن پلانٹس کو سولر پر منتقل کر کے اخراجات کم کئے جائیں گے۔
آب پاک اتھارٹی کے ممبر بورڈ آف گورنر معروف صنعتکار خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ ملتان میں11 واٹر فلٹریشن پلانٹس کو اپ گریڈ کر دیا گیا ہے، اپ گریڈیشن سے ان فلٹریشن پلانٹس کا پانی آرسینک سے پاک ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہر کے لگ بھگ80 غیر فعال واٹر فلٹریشن پلانٹس کو فنکشنل اور اپ گریڈ کیا جائے گا اور رومی فیملی شہر کے ان واٹر فلٹریشن پلانٹس کو فعال رکھنے کا ذمہ داری نبھائے گی۔
معروف صنعتکار خلاجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ آب پاک اتھارٹی کے تحت ڈی جی خان اور مظفر گڑھ میں بھی 70 واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جارہے ہیں۔
تقریب سے آب پاک اتھارٹی کے چئیرمین شکیل احمد خان نے بھی خطاب کیا۔قبل ازیں گورنر پنجاب نے آب پاک اتھارٹی کے تحت واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا اور پانی کی کوالٹی جانچنے کے لئے پلانٹ کا پانی بھی پیا۔