پاکستان جنوبی افریقہ کے ساتھ تجارتی ، سرمایہ کاری اور دفاعی تعلقات کو مزید بڑھانا چاہتا ہے: صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی

13

اسلام آباد،29جولائی  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دفاعی شعبہ میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی افریقہ کے ساتھ تجارتی ، سرمایہ کاری اور دفاعی تعلقات کو مزید بڑھانا چاہتا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی افریقہ کے چیف آف نیشنل ڈیفنس فورسز جنرل رڈزینی مفوانایاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین دفاعی میدان میں بہترین تعلقات ہیں جنہیں مزید وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کی کافی صلاحیت موجود ہے، پاکستان اپنی “لُک افریقہ” پالیسی کے تحت جنوبی افریقہ کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ  دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کیلئے فوجی اور سیاسی سطح پر تبادلوں میں اضافہ کی ضرورت ہے۔

 صدر مملکت نے کورونا  وبا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی سمارٹ لاک ڈائون کی حکمت عملی اور اس کی کامیابی کے بارے میں آگاہ کیا۔

صدر مملکت نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر میں  بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالیوں پر  بھی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بے گناہ کشمیری مسلمانوں کو شہید کرکے ان کی نسل کشی اور   آبادیاتی  تناسب تبدیل کرنے کے لئے غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل جاری  کرنے جیسے اقدامات کر رہا ہے ، عالمی برادری بھارتی مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دلانے کیلئے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے ۔

 اس موقع پر جنوبی افریقہ کے چیف آف نیشنل ڈیفنس فورسز  نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی مسلح افواج کے درمیان بہتر تعلقات کو باہمی مفاد کے لئے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ جنوبی افریقہ کے چیف آف نیشنل ڈیفنس فورسز کے دورہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔