سکھر: ضلع انتظامیہ نے محرم الحرام کے دوران فول پروف انتظامات کرنے کا فیصلہ،ڈپٹی کمشنر آفس میں اجلاس

16

 

سکھر،29جولائی(اے پی پی): ضلع انتظامیہ نے محرم الحرام کے دوران فول پروف انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جلوسوں اور دیگر تمام تقریبات کی نگرانی، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر سکھر جاوید احمد کی زیرصدارت اہم اجلاس کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر سکھر نے روینیو،میونسپل، سیپکو، پبلک ہیلتھ ، صحت سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ مجالس، امام بارگاہوں ، جلوسوں کے گزرگاہوں کا دورہ کرکے محرم الحرام سے قبل تمام تر انتظامات مکمل کیے جائیں۔

 ڈپٹی کمشنر سکھر نے کہا کہ حکام بالا کی جانب سے محرم الحرام کے دوران امن و امان بحال رکھنے سمیت دیگر انتظامات کے لیے احکامات کی روشنی میں ہرممکن کوشش ہوگی کہ محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی، رواداری کو برقرار رکھا جائے۔ اس سلسلے میں ضلعی امن کمیٹی فعال کردار ادا کرے گی، بجلی، پانی، نکاسی آب، مین ہولز، صفائی ستھرائی، گیس کی فراہمی سمیت بنیادی کام مکمل کیے جائیں گے، ڈی سی آفس سکھر میں محرم کنٹرول روم بھی قائم ہوگا اور تمام محکموں کے افسران سمیت دیگر افراد شامل ہونگے۔

عرفان سموں نے اجلاس میں بتایا کہ گزشتہ سالوں کی طرح اس محرم میں بھی انتظامات کو وہ خود مانیٹرکریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سکھر میں محرم کے دوران 1246 پروگرام، مجالس اور جلوس ہونگے جس کے لیے تیاری کی جاچکی ہے۔ مسائل کے حل میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، رینجرز ہراول دستہ ثابت ہوگی۔

ونگ کمانڈر کرنل عظیم نے اجلاس میں کہا کہ محرم الحرام کے دوران نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد کرنا ہوگا پاکستان کے حالات کافی بہتر ہوچکے ہیں، انہوں نے تمام پرمٹ ہولڈرز، امام بارگاہوں کے متولیوں اور دیگر سے اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ سمیت تمام قانون نافذ کرنے والوں اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور مجالس سمیت جلوسوں کو وقت مقررہ پر ختم کریں۔